مریضوں کی دلجوئی بیماری سے جلد صحت یابی کا آسان طریقہ

May 23, 2024

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) معروف ماہر صحت پروفیسر روب گیلوے کہتے ہیں کہ آپ کے پیاروں کو ہسپتال سے تیزی سے نکالنے کے دو آسان طریقے ہیں ہسپتالوں کا ان کو نظر انداز کرنا مہلک ہو سکتا ہے۔ آپ اپنے پیارے کو صحت یاب ہونے اور ہسپتال سے تیزی سے باہر نکلنے میں مدد کرنے کے لیے نرسوں کے ساتھ دوستی کریں، کنسلٹنٹ کو شراب کی بوتل دیں، ہنگامہ آرائی کریں، ہر چیز کے بارے میں شکایت کریں، ان میں سے کوئی بھی عمل کام کر سکتا ہے مگرکوئی گارنٹی نہیں ہے کہ اس سے آپ کے پیارے جلدی گھر لوٹ جائیں گے۔ انہوں نے اپنے تجربے کی بنیا دپر کہا کہ عملی طو رپر اور تحقیق کی بنیاد پر جوتجربہ حاصل کیا اس کے مطابق ایک بہت آسان لیکن موثر قدم ہے جو فرق کر ے گا بنیادی طور پر ان کے ساتھ چلنا،بیٹھنا،جتنا ہو سکے ان سے ملیں، ان کے لیے کھانا لائیں، ان کی کھانے پینے میں مدد کریں۔ اے اینڈ ای کنسلٹنٹ کے طور پر اپنی تربیت کے حصے کے طور پر میں نے ایک سال طبی وارڈوں میں بزرگ مریضوں کی دیکھ بھال کرنے میں گزارا۔ پروفیسر روب گیلوے نے اپنے مشاہدے کے دوران ہونیوالے چند ایک واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مریض جو اپنے امراض کی وجہ سے موت کی دہلیز پر کھڑے تھے اپنے پیاروں کے رویے اور انکی طرف سے کی جانے والی خدمت کے نتیجے میں تیزی کے ساتھ صحت یاب ہوتے دیکھائی دیتے۔ جو لوگ ہر روز اپنے مریض کے پاس بیٹھتے، ان کی دلجوئی کرتے، ان کو کھلاتے، پلاتے، ان کے لئےغذائیت سے بھر پور کھانا گھروں سے لاتے تو اس عمل کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے اور مسلسل دیکھ بھال سے ایسے مریضوں میں حیرت انگیز طور پر تبدیلیاں دیکھی گئیں۔