علامہ حافظ اعجاز احمد کا والد کی وفات پر اظہار تعزیت کرنے والوں سے اظہار تشکر

May 11, 2024

لوٹن (نما ئندہ جنگ) خطیب لوٹن سنٹرل مسجد علامہ حافظ اعجازاحمد نے کہا ہے کہ وہ اپنی اور اپنے پورے خاندان کی طرف سے اپنے والدمحترم مرحوم ومغفور حاجی تصدق بیگ کے انتقال پر ملال کے موقع پر تعزیت کرنے والے تمام علمائے کرام و مشائخ عظام، سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی شخصیات اور تمام محبین و مخلصین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ ان دکھ بھرے لمحات میں آپ کے اپنائیت بھرے الفاظ ان کی مضمحل طبیعت کے لیے اکسیر بنے۔ رب کریم والد محترم کے حق میں آپ سب کی پراثر دعاؤں کو شرف قبولیت اور ہماری تسلی کے لیے آپ کے پرخلوص کلمات پر آپ سب کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام تعزیت کرنے والوں سے کہا ہے کہ آپ سب احباب محبت نے جس محبت اخلاص اور اپنائیت کا اظہار کیا ہے وہ میرے لیے ایک عظیم اثاثہ اور قرار روح وراحت جاں ثابت ہوا ہم ان جملہ علمائے کرام و ائمہ مساجد کا بھی صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی اپنی مساجد و مدارس کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر والد محترم کے لے دعاؤں کا اہتمام کیا۔ رب کریم والد محترم کی بخشش ومغفرت ، ان کی قبر پر اپنی رحمتوں کا نزول اور جنت بریں میں مقام عظیم عطا فرمائےاور ہم سب کونبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نعلین کے صدقے دارین کی سعادتوں کا سزاوار بنائے۔