صحافیوں نے پیمرا کی عدالتی کوریج پر پابندی کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا

May 23, 2024

اسلام آباد (آن لائن)عدالتی رپورٹنگ کے حوالے سے صحافتی تنظیموں نے پیمرا کی جانب سے عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے نوٹیفکیشن کو مسترد کردیا جبکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پیمرا کا عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن فوری واپس لیا جائے، نوٹیفکیشن واپس نہ لینے پر عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیدیا گیا۔پاکستان کا آئین آزادی اظہار رائے اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے اور پیمرا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرنے پر پابندی لگانے کا اختیار نہیں رکھتا۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 19 آزادی اظہار رائے اور 19 اے عوام کو معلومات تک رسائی کا حق دیتے ہیں۔ صحافتی تنظیموں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عدالتی رپورٹنگ پر پیمرا کی جانب سے عائد پابندی کے 21 مئی کے نوٹیفکیشن کا جائزہ لیا گیا۔