پانی کی قلت، اسکیم 33 کے مکینوں کا واٹر کارپوریشن کے دفتر پر احتجاج

May 25, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے اسکیم 33 کی اکثر کوآپریٹو سوسائیٹیز کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں مکینوں کا کہنا ہےکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے اسکیم 33 کے لیے تعینات ایکس سی این اور لائن مینز نے ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے اسکیم 33 میں قائم گلستان سوسائٹی اور اس کی اطراف قائم دیگر سوسائیٹیز کا پانی مکمل طور پر بند کردیا ہے گلستان سوسائٹی کے مکینوں نے جمعہ کو گلشن اقبال ٹائون یونین کمیٹی نمبر 4 کے دفتر کے باہر واٹر بورڈ کے متعلقہ عملے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور متعلقہ ایکس سی این عرفان اللہ اور پانی روکنے میں مبینہ طور پر ملوث لائین مینز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔