مودی کے حریف راہول گاندھی کی ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد والدہ سونیا گاندھی کیساتھ سیلفی

May 25, 2024

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور انڈین پارلیمنٹ کے رکن راہول گاندھی نے 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتی وزیرعظم نریندر مودی کے خلاف ووٹ ڈال دیا۔

دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک بھارت میں انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، لاجسٹک بوجھ کو کم کرنے کے لیے چھ ہفتوں کے دوران سات مرحلوں میں انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابقراہول گاندھی اور سونیا گاندھی نے دہلی کے ایک ہی پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ ڈالا۔

سابق وزرائے اعظم کے بیٹے، پوتے اور نواسے، راہول گاندھی نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی والدہ سونیا گاندھی کے ساتھ سیلفی لی مگر اس دوران میڈیا سے گفتگو سے اجتناب کیا۔

کئی دہائیوں تک ہندوستانی سیاست پر حاوی رہنے والے گاندھی خاندان کو بی جے پی لیڈر کی شکایت کے بعد گزشتہ سال مجرمانہ توہین کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔

اس سے متعلق مودی کے حریف، راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ مودی کی حکومت مجرمانہ تحقیقات میں اِنہیں بلاجواز نشانہ بنا رہی ہے۔

یاد رہے کہ مودی کے متعدد مخالفین کے خلاف اس وقت کئی مجرمانہ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مودی کو مزید تقویت ملی ہے۔

واضح رہے کہ 73 سالہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک دہائی تک عہدے پر رہنے کے بعد آج بھی بے حد مقبول ہیں اور ان کی برسراقتدار جماعت بی جے پی کی تیسری بار بھی جیتنے کی توقع کی جا رہی ہے۔