ایران نے کہا ہے کہ اس کے داخلی معاملات پر امریکی بیانات مداخلت اور دھوکا دہی ہیں۔ تہران سے ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی مؤقف ایران کے خلاف دشمنی اور دباؤ کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ امریکی بیانات عوام کی ہمدردی نہیں، بدامنی اور تشدد کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرانی آئین کے تحت پُرامن احتجاج کو تسلیم کیا جاتا ہے، جائز عوامی مطالبات قانون کے دائرے میں حل کیے جائیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران میں معاشی مشکلات کی بڑی وجہ غیرقانونی اور ظالمانہ امریکی پابندیاں ہیں، امریکا ہمارے خلاف معاشی نہیں بلکہ نفسیاتی اور میڈیا جنگ بھی کر رہا ہے۔ امریکا جھوٹی معلومات، فوجی دھمکیوں اور تشدد پر اکسانے پر عمل پیرا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی اقدامات یواین چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ سے ریاستی خودمختاری کے تحفظ اور مداخلت روکنے کا مطالبہ کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی پابندیاں ایرانی عوام کے انسانی حقوق اور روزمرہ زندگی پر حملہ ہیں۔ قومی اتحاد اور ایرانی اسلامی تشخص کے ساتھ بیرونی سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔