نوشتہ ………

June 17, 2024

زمانے سے یہی عالَم ہے پیہم

پریشانی بہت، آسودگی کم

کہاں تک صبر کر سکتا ہے انسان

اگر ناقابل برداشت ہو غم

سحر یا دوپہر یا شام یا شب

کسی پل چَین سے رہتے نہیں ہم

یہاں رہتا ہے کوئی شور برپا

برابر ہوتی رہتی ہے دمادم

منائی جا رہی ہے عید پھر بھی

دلوں میں اضطراب آنکھوں میں شبنم

سَتاتی ہیں اُنہیں محرومیاں اور

جو اُن کے سامنے رکھتے ہیں سَرخم

شعورؔ اپنا نوشتہ خود لکھیں آؤ

ہمارے بَس میں سب کچھ ہے عزیزم!