لاہور: چڑیا گھر اپ گریڈیشن مکمل نہ ہونے کے باوجود عید پر عوام کیلئے کھول دیا گیا

June 17, 2024

لاہور کے چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کا کام تاحال مکمل نہ ہوا لیکن بڑی عید کے باعث اسے عوام کےلیے کھول دیا گیا۔

عید الاضحیٰ کے پہلے دن شدید گرمی کے باعث چڑیا گھر میں لوگوں کی بہت کم تعداد تفریح کےلیے پہنچی۔

گزشتہ کئی ماہ سے لاہور کے چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، عیدالاضحیٰ پر لوگوں کی تفریح کےلیے چڑیا گھر کو کھول دیا گیا لیکن لوگوں کی بہت کم تعداد وہاں آئی۔

گرمی کی وجہ سے چند فیملیز ہی بچوں کی ضد پر چڑیا گھر پہنچیں، بچوں نے اپنے من پسند جانوروں کو دیکھا اور خوب محظوظ ہوئے۔

لاہور کے چڑیا گھر میں شیر، ہرن، زرافہ، بارہ سنگھا اور دیگر جانور اور پرندے بچوں کی توجہ کا مرکز رہے۔

شدید گرمی کے باوجود جو لوگ چڑیا گھر پہنچے ان کا کہنا تھا کہ اس موسم میں بھی انہوں نے چڑیا گھر میں خوب انجوائے کیا۔

عید الاضحیٰ کے تینوں دن چڑیا گھر شہریوں کےلیے کھلا رہے گا۔