9 مئی مقدمات: شاہ محمود، یاسمین راشد و دیگر کی درخواستِ ضمانت، دلائل مکمل کرنے کی ہدایت

June 25, 2024

شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد—فائل فوٹو

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے گلبرگ میں کنٹینر جلانے، مسلم لیگ ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور محمود الرشید کی ضمانتوں جبکہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کی بعد از گرفتاری ضمانتوں پر سماعت کی۔

اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید کے رخصت پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج نے سماعت کی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی استدعا پر ضمانتوں پر سماعت 3 جولائی تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے پراسیکیوشن کو ملزمان کی ضمانتوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ، نصیر آباد اور ماڈل ٹاؤن میں مقدمات درج ہیں جبکہ ملزمان نے جیل سے اپنے وکلاء کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔