سندھ ہائیکورٹ: صحافی نصراللّٰہ گڈانی قتل کیس، ملزم خالد لوند اور بیٹوں کی ضمانت منظور

June 28, 2024


سندھ ہائیکورٹ نے میرپور ماتھیلو میں صحافی نصراللّٰہ گڈانی قتل کیس کے ملزمان ایم این اے خالد لوند اور ان کے دو بیٹوں کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

پیپلز پارٹی کے ایم این اے خالد لوند، بیٹے نور محمد اور شہباز لوند نصراللّٰہ گڈانی قتل کیس میں نامزد ہیں، سندھ ہائیکورٹ نے تینوں ملزمان کی 15 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے تینوں ملزمان کو 15 دن میں ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

سماعت کے بعد ایم این اے خالد لوند اور مقتول صحافی کے حامیوں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی، جبکہ عدالت کے احاطے میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے خالد لوند کیخلاف نعرے بھی لگائے گئے۔

واضح رہے کہ صحافی نصراللّٰہ گڈانی کو گزشتہ ماہ میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں 3 گولیاں لگی تھیں، جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں پہلے علاج کے لیے رحیم یار خان منتقل کیا گیا تھا، بعد میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں دوران علاج نصراللّٰہ گڈانی انتقال کرگئے تھے۔