سندھ فوڈ اتھارٹی غیرفعال، غیر معیاری مصالحہ جات کی فروخت، منافع خور مافیا سرگرم، شہریوں کی زندگیاں داؤ پر

July 01, 2024

حیدرآباد (بیورو رپورٹ)حیدرآباد میں منافع خور مافیا سرگرم ہے جہاں پر غیر معیاری مصالحہ جات کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی روکتھام کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کے مجاز حکام و افسران کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں قائم ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس پر کھانے و پینے کی اشیاءمیں غیر معیاری مصالحہ جات کا استعمال عام بات ہوگئی ہے جبکہ بڑے بڑے مارٹس پر بھی لوکل کمپنیز کے مصالحہ جات فروخت کرکے مافیا بھاری منافع کمانے میں مصروف ہے۔ حیدر چوک‘ کلاتھ مارکیٹ‘ سٹیزن کالونی‘ نسیم نگر چوک‘ علمدار چوک‘ پکوڑا چوک‘ ریشم بازار‘ اسٹیشن روڈ اور شہر کے درجن سے زائد مقامات پر قائم ہوٹلوں اور ٹھیلوں پر کھانے کی اشیاءمیں غیرمعیاری مصالحہ جات استعمال کیے جارہے ہیں دوسری جانب مذکورہ علاقوں میں کھانے و پینے کی اشیاءمیں غیر معیاری مصالحہ جات کے ساتھ ساتھ مضر صحت تیل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے وقتاً فوقتاً محض رسمی طور پر کارروائیاں کرکے جرمانے عائد تو کیے جاتے ہیں لیکن اس کا کوئی اثر ملاوٹ مافیا پر نہیں پڑ رہا ہے۔ اس ضمن میں شہریوں نے حکومت سندھ کے متعلقہ محکمے سے اپیل کی ہے کہ کھانے و پینے میں غیرمعیاری اور مضر صحت مصالحہ جات استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔