حراست میں ملزم کی موت، تحقیقات میں ایس پی نیئر سے متعلق سنسنی خیز انکشاف

July 01, 2024

کراچی(این این آئی)پولیس کی حراست میں معیز نسیم نامی ملزم کی موت کی تحقیقات میں ایس پی نیئر الحق سے متعلق سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ درخشاں میں زیر حراست ملزم معیز کی پولیس تشدد سے موت پر ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کے خلاف درج ایف آئی آر کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔پولیس اہلکاروں، گرفتار ایس ایچ او علی رضا لغاری اور ہیڈ محرر مفصل احمد لغاری کے بیان قلم بند کر لیے گئے، تفتیشی ذرائع کے مطابق ایس پی نیئر 14 اور 15 کی درمیان شب زیر حراست ملزم معیز کو تفتیش کے بہانے تھانے سے باہر لے گیا، اور ڈیوٹی افسر کو ملزم باہر لے جانے کی روزنامچے میں انٹری سے منع کیا۔تحقیقاتی حکام نے ایس پی نیئر سے رابطے کی کوشش کی لیکن اس کا موبائل فون بند آ رہا ہے، جاں بحق ملزم کو کہاں لے جایا گیا تھا پولیس نے اس کی کھوج لگانا شروع کر دیا ہے۔