ایف آئی اے ڈائریکٹر جنرل کا جواں سال بیٹا زندگی کی جنگ ہار گیا

July 01, 2024

کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کا جواں سال بیٹا ایک برس تک کینسر سے نبرد ازما ہونے کے بعد آخر کا رزندگی کی جنگ ہار گیا۔ 27برس کے احمد نبی نور کو ایک برس قبل گردن کے قریب تکلیف کی شکایت پر لاہور کے ایک اسپتال میں چیک اپ کروایا گیا تو کینسر تشخیص ہوا۔ جس کے بعد مرحوم کو اسی اسپتال میں داخل کروا دیا گیا اور ایک برس تک اس کا علاج چلتا رہا۔ مرحوم کی طبیعت زیادہ بگڑنے پر 20دن قبل ان کو وینٹیلیٹر پر منتقل کر دیا گیا مگر ہفتے کی شام اس موزی اور جان لیوا بیماری سے لڑتے لڑتے زندگی کی جنگ ہار گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کو لاہور ڈیفنس فیز ون کی سجد میں ادا کی گئی اور تدفین اپر مال قبرستان میں ہوئی جس میں بڑی تعداد میں ایف آئی اے افسران اور عمائدین نے شرکت کی۔