آئیں، منظم کریں اپنی وار ڈروب

June 21, 2018

اگر آپ سے پوچھا جائے کہ آپ سب سے زیادہ شاپنگ کس چیز کی کرتے ہیں؟تو بلا جھجک آپ کا جواب’’ کپڑے،،ہوگا۔ یہ ایک ایسامشغلہ ہے جس کی خریداری خواتین تو خواتین مرد حضرات بھی خاصے شوق سے کرتے ہیں ۔تاہم شاپنگ کرنے کے بعد ان کپڑوں کو رکھنے کے لیے سب سے بہترین جگہ آپ کےکمرے کی’’ وارڈروب،، ہوتی ہے جو نئے تو نئے پرانے کپڑوں کو بھی محفوظ رکھنے کے لیے بہترین انتخاب ہےاور اگر وارڈروب بکھری ہوئی ہوتو یہ کہیں زیادہ الجھن کا باعث بنتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بکھری ہوئی وارڈروب کامطلب ہے ایک بکھرا اور پریشان دماغ۔

وارڈروب میں اوپر تک ٹھنسے ہوئے کپڑوں سے زیادہ مایوس کن کچھ نہیں کیونکہ یہ آپ کے سلیقہ پر ایک بدنما داغ بھی ثابت ہوسکتا ہے ۔ ایک غیر منظم وارڈروب آپ کے کمرے کی وضع قطع بگاڑ سکتی ہے۔اور جو چیز کمرے کی سجاوٹ و آرائش پر اثر انداز ہو وہ بھلا خواتین کو کیسے پسند ہوسکتی ہےچنانچہ ان آسان تجاویز پر بات کرتے ہیں جن کےذریعے آپ اپنی وارڈروبوں کو نفیس اورمنظم کرسکتے ہیں۔

منصوبہ بنائیں

اگر وارڈروب کھولتے ہی تمام کپڑے آپ پر گرپڑیں یا زمین پر بکھرجائیں تو یہ مرحلہ کسی بھی انسان کے لیے خاصا تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن اگر آپ اس مشکل سے بچنا چاہتی ہیں تو المار ی کی صفائی کا منصوبہ بنائیں ۔چیزوں کو ترتیب و منظم رکھنے والے ماہرین کی رائے کےمطابق وارڈروب کی مکمل صفائی کا منصوبہ سال میں کم ازکم دوبار لازمی بنایا جائے اگر آپ کی وارڈروب بھی خراب ہورہی ہے توآ ج ہی اس کو منظم کرنے کا منصوبہ بنائیں ۔اور لگ جائیں کام پر کچھ گھنٹوں کی محنت ہی آپ کو ایک منظم اور ترتیب و ار وارڈروب فراہم کردے گی۔

خانے دار درازیں

درازیں آپ کی وارڈروب کے لیے ایک بہترین اضافہ ہیں لیکن ان درازوں میں موجود سامان جلد ہی آپس میں گڈ مڈ ہونے لگتا ہے جس کے باعث درازیں گندی ہونے لگتی ہیں، اگر آپ وارڈروب کو منظم دیکھنا چاہتی ہیں تو وارڈروب کے لیے خانے دار درازوں کا انتخاب کیجیے، بچوں کی ٹائی اور دوسرے ضروری سامان کے لیے باکس نما درازیں ایک بہترین اور عمدہ ترکیب ہے ۔

غیر ضروری کپڑے وارڈروب سے دور کیجیے

وارڈروب کو منظم دیکھنے کا ایک اصول یہ بھی ہے کہ جن کپڑوں کا استعمال ضروری نہ ہو یا جنھیں آپ نہ پہنیں انھیں وارڈروب سے نکال دیں۔ فالتو اشیاءیا کپڑے آپ کی وارڈروب کو بھاری اور غیرمنظم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ اس لیے ایسے کپڑے، جوتے، سینڈلز یا بیگ وغیرہ جو آپ کے استعمال میں نہ ہوں انھیں کسی کو دے دیں ۔

اس کے علاوہ غیر ضروری اور فالتو سامان رکھنے کے لیےڈبے ایک اچھا آئیڈیا ہیں۔ ہر وہ چیز جو کام کی نہیں اور غیر فعال ہے ان کو نظروں سے دور رکھنے کے لیے ڈبے کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ یہ ان چیزوں کے لیے بھی اچھے ہیں جن کو آپ روز استعمال نہیں کرتے۔

کپڑوں کی تہہ کیسے بنائیں ؟

آپ کی وارڈروب یاوارڈروب کومنظم دیکھنے کی خواہش کپڑوں کی بنائی گئی تہہ پر بھی خاصی اثر انداز ہوتی ہے۔کپڑوں کی تہہ جتنے سلیقہ سے کی جائے گی آپ کی وارڈروب اتنی ہی کم بکھری اور منظم محسوس ہوگی۔چیزوں کو ترتیب سے رکھنے پر مشاورت فراہم کرنے والی جاپانی انسٹرکٹرمیری کونڈو کا کہنا ہے کہ کپڑوں کو منظم اور ترتیب سے رکھنے کے لیےان کو ورٹیکل اسٹائل میں تہہ کیا جائے اس طرح کپڑے وارڈروب میں کم جگہ لیں گے اور آپ کی وارڈروب منظم بھی محسوس ہوگی۔ اسی طرح تولیے وغیرہ کی بھی ورٹیکل تہہ بنائیں تاکہ یہ چیزیں بھی کم جگہ گھیریں اور وارڈروب بکھری بکھری محسوس نہ ہو۔

جوتوں کے لیے وارڈروب نہیں’’شوز ریک ،،

جوتےآپ کی وارڈروب کا ایک بڑا حصہ لے لیتے ہیں، بڑے ہوں یا چھوٹے، تو ان پر نظر کرنا بہت ضروری ہے۔ وارڈروب کے نیچے آرام دہ خانے بنانا ایک اچھا آئیڈیا ہے یا آپ لٹکنے والے شیلف خریدلیں۔ اس کے علاوہ شوز ڈسپلے ریک آج کل خاصے مقبول ہیںجو شیشے ، پائپ یا لکڑی میںسے کسی ایک کے بنے ہوتے ہیں جہاںآپ اپنے سینڈلز اور شوز وغیرہ باآسانی رکھ سکتے ہیں۔

دائیں سے شروع کریں

میری کونڈو کے مطابق وارڈروب کومنظم کرنے کے لیے ہمیشہ دائیں جانب سے شروع کریںاور روزانہ استعمال میں آنے والی چیزوں کو آنکھوں کے سامنے رکھیں تاکہ انھیں ڈھونڈنے میں زیادہ وقت نہ لگے اور وارڈروب کی سیٹنگ خراب نہ ہو۔وارڈروب کو صاف و شفاف دکھانے کے لیےکچھ کپڑے ٹانگ دیں کیونکہ ٹنگے ہوئے کپڑے کم جگہ گھیرتے ہیں اورباآسانی مل جاتے ہیں۔

کارنر وارڈروب

اگر آپ کے گھر میں ایک ایسی جگہ ہے جہاں پر چھت تھوڑی سی ٹیرھی ہے تو آپ اس میں شیلف اور درازیں بنا کر ایک چھوٹی وارڈروب کی شکل دی جاسکتی ہے۔اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ وارڈروب کا بیشتر سامان وہاں شفٹ ہونے سے آپ کو اپنی وارڈروب منظم کرنے میں زیادہ آسانی ہوگی۔

فینسی کپڑے ہینگر میں لٹکائیں

جن لوگوں کا حلقہ احباب زیاہ وہاں دعوتیں اور تقریبات کا اہتمام زیادہ کیا جاتا ہے جب تقریبات معمول سے زیادہ ہو تو فینسی کپڑوں کی تعداد بھی زیادہ ہوتی ہے ان کپڑوں کو تہہ کر کے رکھنے کے بجائے ہینگر کا استعمال کریں ہینگر میںکپڑے صحیح حالت میں رکھے جاسکتے ہیں اور ان میں سلوٹیں وغیرہ بھی نہیں پڑتی اور یہ اسی حالت میں رہتے ہیں جیسا آپ انہیں رکھنا چاہتے ہیں۔