میری مثالی نند، منیرہ بجو

October 14, 2018

بے رَیا مسکراہٹ والی میری نند، منیرہ بجّو، کا حُسن بڑا دیومالائی سا ہے۔ ویسے تو میری چار نندیں ہیں، لیکن منیرہ بجّو کی جیسی صورت ہے، ویسی ہی ان کی سیرت بھی ہے۔ اسی وجہ سے مجھے ان سے ایک خاص انسیت اور لگائو ہے۔ دراصل زمانہ جدید میںبھی خاندانی رنجشیں، چپقلش عام ہیں، انسان کی کچھ ایسی خصوصیات ہوتی ہیں، جو اسے دوسروں سے ممتاز کرتی ہیں، لیکن منیرہ بجّو کبھی ایسی کسی خاندانی سیاست کا حصّہ نہیںبنیں۔ وہ صحیح معنوں میں امن کی فاختہ ہیں۔ میری اس فرشتہ صفت، معصوم صورت نند، منیرہ باجی کے ماشااللہ تین بیٹے ہیں۔ ایک کی شادی ہوچکی، جب کہ دو کنوارے ہیں۔ گزشتہ برس ان کے شوہر، عابد کا اچانک انتقال ہوگیا، تو وہ جیسے بالکل بجھ سی گئیں۔ اور اب ان کا سوگوار حسن، دیکھنے والوں کو کچھ اور بھی سحر زدہ کردیتا ہے۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں صبرِجمیل عطا کرے اور ان کے شوہر کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔

ایس کے