کھلاڑیوں کو بہتر سہولت فراہم کریں گے

August 20, 2019

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نےکہا ہے کہ ادارہ کھیلوں کے فروغ کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھے گا، میدانوں کو آبادکرکے کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے۔ 45 سے زائد کھیل کے میدان آباد کئے جاچکے ہیں جبکہ بحالی کا عمل جاری ہےجنگ سے با چیت میں انہوں نے کہا کہ۔سندھ حکومت، وزیر بلدیات سندھ، کمشنر کراچی، سابق قومی کھلاڑیوں کی حمایت و تائید سے ادارہ ترقیات کے میدان آباد ہورہے ہیں، آنے والے وقت میں کے ڈی اے گراؤنڈز جدید طرز کی سہولیات سے آراستہ کرکے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہجس طرح ماضی میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال سمیت مختلف کھیلوں میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا نام روشن رہا، میری کوشش ہے کہ اس تسلسل کو قائم رکھا جائے اور کے ڈی اے ملازمین بین الاقوامی سطح پر ملک و ادارہ کا نام روشن کریں۔ کھیل کے میدانوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے مستقل بنیادوں پر کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی، اس ضمن میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے، مختلف مقامات پر کھیلوں کے میدان آباد کئے جاچکے ہیں۔ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے اور میدانوں کو آباد کرنے کے لئے گزشتہ 10 ماہ سے قابل قدر کوششیں کررہا ہے جس کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اب تک واگزار کرائی گئی سرکاری زمینوں کو شہریوں کو صحتمندانہ اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا اس ضمن میں کام شروع کردیا گیا ہے اور شہر کراچی میں پارکس اور گراؤنڈز کا جال بچھانے کے لئے تجربہ کار اور باصلاحیت کے ڈی اے انجینئرز تیزی سے ہوم ورک کررہے ہیں۔ ہنگامی بنیادوں پر شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ادارہ اپنے تمام وسائل کا بخوبی استعمال کررہا ہے۔(نصر اقبال)