اوپرا ونفرے کا وژن 2020ء

September 13, 2019

عالمی شہرت یافتہ ٹاک شو میزبان اور OWN ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی چیف اوپرا ونفرے "Oprah’s 2020 Vision: Your Life in Focus یعنی ’’اوپرا کا وژن2020ء :آپ کی زندگی توجہ کا مرکز‘‘ کے ٹور کا اعلان کردیا ہے ، جو4جنوری 2020ء کو فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل سے شروع ہوگا۔ اس ٹور میں وہ9شہروں کا دورہ کریں گی اور ڈبلیو ڈبلیو (Weight Watchers Reimagined) کے ساتھ مل کر لوگوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے کام کریںگی۔

اس ٹور کا اختتام7مارچ کو ڈینور میں ہوگا لیکن اس سے قبل وہ لاس اینجلس، سان فرانسسکو، اٹلانٹا، ڈلاس، شارلٹ، شمالی کیرولائنا، بروکلین، نیویارک، اور سینٹ پال (مینیسوٹا) میں بھی قیام کریں گی۔ اندرونِ ملک یہ ان کا پانچ سا ل میں پہلا دورہ ہوگا، حال ہی میںوہ کینیڈا اور آسٹریلیا کا دورہ کرچکی ہیں۔

اوپرا کے ساتھ کچھ اعلیٰ شخصیات بھی ہوںگی، جن کے ساتھ مل کر وہ اپنے سامعین کو صلاحیتیں بہتر بنانے اور خود کو بااختیار بنانے کے مشورے دیںگی۔ یہ مہمان کون ہوں گے اس کا اعلان بھی جلد ہی کردیا جائے گا۔

اوپرا کا کہنا ہے، ’’مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر ایک مضبوط، صحت مند اورنعمتوںسے مالا مال زندگی گزارنے کیلئے ایک دوسرے کی حمایت کر سکتے ہیں۔ وہ زندگی جو ہمیں متحرک ، مربوط اور بااختیار ہونے کا احساس دے۔ جب میں اندرون ملک سفر کروں گی تو اس تجربے کے لئے میری امید دوسروں کو ترغیب دےگی کہ وہ 2020ء کو تبدیلی اور کامیابی کا سال بنانے کی کوشش کریں۔ 2020ء ہی آگے بڑھنے کا سال ہے‘‘۔

اپنے آنے والے ٹور کے دوران، اوپرا شرکاء کے ساتھ اپنے خوشحالی کےسفرکے بارے میں بات کریں گی اور اپنے تجربات سے لوگوں کو 2020ء کا ایکشن پلان تیار کرنے میں مدد دیں گی۔ وہ فلاح و بہبود کی تحقیق اوربات چیت پر مشتمل ورک بکس کی تازہ ترین مشقیں بھی شیئر کریں گی۔ ٹور کے دوران اوپرا ہر شہر میں مشہور شخصیات کےساتھ ’ون آن ون‘ انٹرویو بھی کریں گی۔ اس ٹور سے حاصل ہونے والی ایک ملین ڈالر کی رقم ڈبلیو ڈبلیو گُڈ کو جائے گی، جو مستحق کمیونٹیز میں تازہ اور صحت بخش کھانے پہنچاتی ہے۔

اوپرا ونفرے کی زندگی

ٹاک شوز کی بے تاج ملکہ اوپرا ونفرے ایک انتہائی مفلس گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ زندگی کی تلخیوں کے باوجود انھوں نے محنت کا سفر جاری رکھا۔ انھیں 2011ء میں اپنی سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازی آسکر سے بھی نوازا گیا۔ وہ ایک عرصے تک امریکا میں ٹاک شوز کی ملکہ کہلائیں، انھوں نے فلمسازی کے ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا اور اب وہ ایک کیبل ٹی وی چینل چلاتی ہیں۔

جب اوپرا ونفرے نے بطور ٹی وی میزبان اپنے کیریئر کا آغاز کرنا چاہا تو ’اوپرا ونفرے شو‘ کے ڈائریکٹر نے انھیں صاف الفاظ میںکہہ دیا تھا کہ وہ ٹی وی پر نہیںآسکتیں کیونکہ وہ بہت جذباتی عورت تھیں اور بات بات پر ان کے آنسو نکل آتے تھے۔ لیکن جب اوپرا نے ٹی وی شو شروع کیا تو وہ دنیا کے تمام ٹی وی شوز کے مقابلے میں مقبول ہوگیا۔ اوپرا کی جذباتیت اور حساسیت انھیں شہرت کی بلندیوںپر لے گئی اور آج وہ دنیا کی امیر ترین سیاہ فام امریکی عورت ہیں۔ ان کی زندگی سے یہی سبق ملتا ہے کہ لوگوںکی باتوںپر دھیان نہ دو، اپنی کسی کمزوری یا خوبی کو نہ چھپائو بلکہ اس بات پر شکر کرو کہ تمہیں قدرت نے کیسا بنایا ہے کیونکہ کبھی کبھی جن چیزوںکو ہم اپنی خامی سمجھتے ہیں، وہ ہمیںباقی لوگوں سےممتاز کرتی ہیںاور اوپرا کی حساس فطرت ہی ان کی کامیابی کی کنجی بنی۔

اوپرا ونفرے شو، جسے اکثر اوپرا ہی کہا جاتا تھا، ایک سنجید ہ نوعیت کا امریکی ٹاک شو تھا جو 8ستمبر1986ء سے 25مئی2011ء تک شکاگو، ایلینائے میں25سیز ن یعنی25سال تک آن ایئر کیا گیا۔ یہ امریکی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شو تھا، جس میںامریکا کی نامور شخصیات نے شرکت کرکے اوپرا کو انٹرویو دیے۔

اوپرا اب تک3ارب ڈالر سے زائد رقم سماجی بہبود کے سلسلے میں تعلیمی اداروںبشمول چارٹر اسکولوں، افریقی امریکی طلبا کی بہبود اور جنوبی افریقہ میںقائم اوپرا ونفرے لیڈرشپ اکیڈمی اور دیگر پروجیکٹس پر خرچ کر چکی ہیں۔1998ء میں انھوں نے اوپراز اینجل نیٹ ورک (Oprah's Angel Network) قائم کیا اور اپنے ویورز کی زندگی بدلنے کے لیے 3.5ملین ڈالر جمع کرنے کی اپیل کی، جس پر بہت سے صاحب حیثیت افراد نے عطیات دیے۔ اس فنڈ کی مدد سے اوپرا نے 2000ء میں15 ہزار رضاکاروںکے ذریعے150 مستحقین کے گھر بنوائے اور فی گھر 25ہزار ڈالر وظیفہ مقرر کیا۔ عطیات رُکنے سے قبل اوپرا ونفرے کو 80ملین ڈالر سے زائد رقم مل چکی تھی، جو کیٹرینا اور ریٹا نامی طوفانوں کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کےکام آئی۔ یہ نیٹ ورک 13ممالک کے 60 سے زائد اسکولوں کو چلا رہا ہے، جہاںکتابیں اور یونیفارم مفت فراہم کیا جاتاہے۔ اینجل نیٹ ورک اب ’اوپرا ونفرے چیریٹیبل فائونڈیشن‘ کے زیر اہتمام چل رہا ہے۔اس کے علاوہ بھی اوپرا کی کئی سماجی اور انسانی فلاح کی خدمات ہیں، جنہیں اس مختصر مضمون کے ذریعے احاطہ تحریر میںلانا مشکل امر ہے۔