قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کی صحافیوں سے ملاقات

October 21, 2019

جدہ... قونصل جنرل خالد مجید اور نائب قونصل جنرل شائق بھٹو.... صحافیوں سے مخاطب

قونصل جنرل آف پاکستان خالد مجید نے ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو کے ہمراہ پاکستانی صحافیوں اور سعودی پریس اینڈ پبلیکیشن کے نمائندوں سے قونصل خانے میں گزشتہ دنوںملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، انھوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرنے اور دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافہ کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

کوشش ہے کمیونٹی کی بہتر طور پر خدمت کرسکوں

انھوں نے کہا کہ صحافیوں کا معاشرے میں اور خصوصاًبیرون ملک میںبڑا کلیدی کردار ہوتا ہے، وہ کمیونٹی کی آواز ہوتے ہیں اس لئے آج آپ لوگوں سے ملاقات کو ترجیح دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ مجھے جدہ آئے ہوئے ابھی چند ہفتے ہوئے ہیں، اس لئے یہ میرے لئے بہت ضروری تھا کہ آپ لوگوں کے تعاون سے ایک ٹیم کے طور پر کمیونٹی کی خدمت کر سکوں۔ قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ ہم لوگ چند برسوں کے لیے بہ حیثیت یہاں مہمان ہوتے ہیں۔ہمیں چاہیے کہ اپنے ملک اور اپنی کمیونٹی کی بہتر طریقہ سے خدمت کرسکیں، مقامی قوانین و ضوابط کی مکمل پابندی کریں اور ملک کے امیج کو بلند کرنے کو ترجیح دیں۔

جدہ... قونصل جنرل خالد مجید پاکستان جرنلسٹس فورم کے ساتھ جن میں امیرمحمد خان، اسد اکرم، جمیل راٹھور،خالد خورشید، عدیل، مصطفیٰ خان، فہد، خالد چیمہ ،امانت اللہ، مریم شاہد، مسرت خلیل نمایاں ہیں

اپنے بارے میں قونصل جنرل نے کہا کہ ان کا 21 واں سال ہے وزارتِ خارجہ میں۔ اس سےقبل 10سال پاک فوج میں بحیثیت کیپٹن خدمات انجام دیں۔ 1999 میں سول سروس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے فارن سروس جوائن کی ۔ جہاں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں ۔جدہ آنے سے قبل ڈائریکٹر جنرل فنانس رہے ۔

انہوں نے کہا کہ جدہ بہت اہم اسٹیشن ہے اور سفارتکاری کے لحاظ سے چار بڑے اسٹیشنوں میں آتا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ کمیونٹی کے مسائل کے حل لئے صحافی برادری مجھ سے براہ راست بھی رابطہ کر سکتی ہے۔ تعمیری تجاویز سے میری بہتر رہنمائی ہوگی اور قونصل خانے کی طرف سے پورا تعاون آپ لوگوں کے ساتھ ہوگا۔