’کچن گارڈننگ‘ اس مشغلے کو اپنا کر گھر کے بجٹ کوبہتر بنائیں

October 23, 2019

گھر میں باغبانی ایک ایسا شوق ہے جو ڈپریشن کو کم کرتا ہے اور آنکھوں کو فر حت پہنچاتا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ خالص غذا کی فراہمی کا باعث اورجیب پر بوجھ کو کم کرتا ہے ۔اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم جن سبزیوں کو گھر میں اُگا سکتے ہیں،ان کو گھر میں ضرور لگائیں ۔اس طر ح گھر بیٹھے تازہ سبزی بھی مل جائے گی اور ایک بہترین مشغلہ بھی ہاتھ آجائے گا۔پودے انسان کے دوست ہیں اور آج کے اس جدید دور میں لوگ نیچر سے بہت دور ہوگئے ہیں۔ہمیں خود کو قدرتی ماحول کے نزدیک کرنا ہوگا۔پودوں کی بہت اہمیت اور افادیت ہے۔

کچن گارڈننگ یا گھریلو باغبانی کےلئے بہت بڑی جگہ کا ہونا لازمی نہیں ہے۔آپ سبزیاں اپنے گھر کی چھت ،کیاری ، ہینگنگ پاٹس اور فلیٹ کی گیلری میں بھی اُگاسکتے ہیں ۔ان کی نشو ونما کے لیے انہیں حسب ضرورت پانی دیں ۔پودوں کو ہوا دار اور دھوپ والی جگہ پر رکھیں ۔

ان کے درمیان مناسب فاصلہ ہو ۔شروع میںچھوٹے اورکم پودوں کے ساتھ کا م کا آغاز کریں ۔اگر آپ کے پاس لان یا کیاری نہیں ہے توکوئی پریشانی کی بات نہیں ہے ،آپ اپنا یہ شوق کریٹ سے بھی پورا کرسکتی ہیں ۔سب سے پہلے کریٹ میں بوری یا کاٹن کا کپڑا بچھائیں ۔اس کے بعد ا س میں تیار شدہ مٹی ڈالیں ۔

جس میں کھیت یا نہر کی مٹی ،پرانے پتے اور گوبر کی کھاد وغیرہ شامل ہیں ۔اگر آپ ایسا کرنے سے قاصر ہیں تو نرسری سے تیار کھاد خرید لیں۔ نرسری سے آپ کو کھاد ملی مٹی بھی مل جاتی ہے۔ ویسے گھر میں بھی اورگینک کھاد بنانا بہت آسان ہے۔گھر میں روزمرہ میں بچ جانے والے پھلوں اور سبزیوں کے چھلکے، بچا ہوا کھانا،پرانے پتے،چائے کی استعمال شدہ پتی اور جانوروں کا فضلہ گوبر، مٹی میں دباتے جائیں دو سے تین ماہ میں بہترین کھاد تیار ہوجائے گی۔مٹی میں صرف ایک حصہ کھاد ملائیں۔

سردی کی سبزیاں تو باآسانی گھروں میں لگ جاتی ہیں لیکن گرمیوں کی سبزیوں کے لیے خاص احتیاط کرنی پڑتی ہے۔کیونکہ گرمی میں کیڑے کے حملے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔گھریلو باغبانی کے لیے سب سے پہلے نرسری کے گلے سڑے پتوں کی کھاد لاکر گملے کیاریوں یا لان میں ڈالیں۔کھاد آپ گھر میں بھی بنا سکتی ہیں ایک گڑھے میں پھل سبزیوں کا کچرا بھرتی رہیں،پھر اس میں ذرا سی یوریا کھاد اور پانی ڈال کر اسکو تین ماہ کے لیے بند کردیں تو گھر پر کھاد تیار ہوجائے گی۔

گرمیوں کی اکثر سبزیاں زیادہ تر بیل کی صورت میں بڑھتی ہیں ان کو لگانا بہت آسان ہے۔ پاٹس میں اُگایں اور بیل دیوار پر چڑھادیں۔گرمیوں میں کریلا، کدو آسانی سے اُگاے جاسکتے ہیں۔گرمی کی سبزیوں کو پانی کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے پانی کا خاص دھیان رکھیں۔کیڑوں سےبچانے کے لیے اسپرے بوتل میں پانی لیں اس میں ایک چمچہ سرف اور ایک چمچہ کوکنگ آئل ملا کر مکس کرلیں اور پودوں پر چھڑکاؤ کریں۔

اس سے پودے کیڑوں سے محفوظ رہیں گے۔وقفے وقفے سے ان کی کاٹنگ کرتی رہیں انہیں گرین نیٹ کے نیچے رکھیں۔پودنیے کی بھی کاٹنگ کرتی رہیں یہ سارا سال آپ کو ملتا رہے گا۔آپ لیموں اور ٹماٹر بھی آسانی سے لگاسکتی ہیں۔