’یوم سیاہ کشمیر ‘کی تقریبات

November 04, 2019

مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ، پاکستان قونصلیٹ جدہ کی طرف سے یوم سیاہ کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے ڈپلومیٹس اور مقامی تاجربرادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کےآغاز میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے یوم سیاہ کے موقعےپر پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔قونصل جنرل ، خالد مجید نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 سے کشمیریوں کو بھارت کی جانب سےاستحصال کا سامنا رہا ہے ۔

یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست کی کارروائی نے کشمیریوں کی حالت زار کو بدتر کیا ہے۔ ان کے حق خود ارادیت کے انکار کے ساتھ ساتھ ، انہیں گذشتہ 84 روز سے بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر کے اپنے گھروں میں بھی قید کردیا گیا ہے۔ خالد مجید نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔تقریب میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی نمائندگی ،سیکرٹری جنرل کے ایڈوائزر برائے ایشیا احمد سریر نے کی۔

اپنے خطاب میں انہوں معصوم کشمیریوں کے خلاف جارحیت کی تمام کارروائیوں کی مذمت کی اور اسلامی تعاون تنظیم کے کشمیری عوام کے لئے حق خودارادیت کے موقف کا اعادہ کیا ۔چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود پوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف جدوجہد اور احتجاج گذشتہ 7 دہائیوں سے جاری ہے اور بھارتی حکومت کی کوششوں کے باوجود ہمارا عزم کم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر کشمیری کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی جدہ ،مسئلہ کشمیر کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھائے گی ۔

اوورسیز کشمیری سوسائٹی کے نمائندے،خورشید احمد نے کہا کہ تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کی ہمت کم نہیں ہوئی بلکہ ہمارا عزم بڑھ گیا ہے۔ کشمیریوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں میں وعدے کے مطابق اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی کیونکہ یہ ہمارے ایمان اور ہماری سالمیت کامسئلہ ہے۔ تقریب میں جدہ اور طائف میں پاکستانی اسکولوں کے طلباء کی تقریریں بھی شامل تھیں۔ طلباء نے کشمیر کے مسئلے اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی ضمیر سے اپیل کی کہ وہ اس موقعے پر اٹھیں اور کشمیریوں کے حقوق کو تحفظ دیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیں۔