’آرائشی بیلیں‘ گھر کی دل کشی میں لگائیں چار چاند

November 06, 2019

کچھ خواتین کو گھر میں آرائشی بیلیں لگانے کا بہت شوق ہوتا ہےاور اس میںکوئی شک نہیں کہ یہ انتہائی حسین و دل فریب منظر پیش کرتی ہیں ۔اکثر یہ بیلیں دروازوں کے محراب اور گزر گاہوں پر لگائی جاتی ہیں ۔ان کے لیے لکڑی کے دروازے اور چوکھٹے لگائی جاتی ہیں ،کیوں کہ بیل دار پودے لمبے پتلے اور نازک ہوتے ہیں ،اسی لیے وہ سہارے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں ۔

بیلیں پیچ در پیچ طریقے سے جال کی طرح پھیلتی ہیں اور انہیں سہارا دینے کے لیے دیواروں اور دروازوں پر رسیاں یا لوہے کے تار لٹکائے جاتے ہیں انہیں ذوق اورسلیقے سے دلکش اور ان کی شاخ تراشی کرکے محراب مور،مخروطی چھتر اور سبز بارہ دری کے روپ میں ڈھالا جاسکتا ہے۔اس شوق کو پورا کرنے کے لیے چند بیلیوں کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔انہیں لگا کر آپ گھر کی دل کشی میں اضافہ کرسکتی ہیں ۔

رنگون بیل

یہ سدا بہار لیکن سخت جان بیل ہے اور تیزی سے نشوونما پاتی ہے ۔اس پر گرمی کے موسم میں گلابی اور قرمزی رنگ کے پھول لگتے ہیں اور مہک دیتے ہیں عمارتوں اور درختوں پر پھیلانے کے لیے موزوں ہے اور اسے قلموں اور داب کے ذریعہ لگایا جاتا ہے۔

تھم برگ

یہ بیل دیواروں،محرابوں اور درختوں پر بہت خوبصورت لگتی ہے اس پر نیلے پھول اُگتے ہیں جو بہت تیزی سے نشوونما پاتی ہیں۔

الامینڈا

چمکدار سبز اور زرد رنگ کے پھولوں والی یہ بیل بہت خوشنما ہوتی ہے اس کے پھولوں سے ہلکی ہلکی خوشبو نکلتی ہیں یہ داب اور قلم کے ذریعے لگائی جاتی ہے سردیوں میں کورا اس کو نقصان پہنچاتا ہے۔

زرد فوار

یہ سدا بہار اور تیزی سے پھلنے پھولنے والی بیل ہے اس کے پتے چھوٹے ہوتے ہیں اور آسانی کے ساتھ دیواروں اور سیاڑوں سے چمٹ جاتی ہے اس پر زرد رنگ کے پھول اُگتے ہیں ۔اس کی ایک قسم سنہری فوار بھی ہیں، جس پر گہرے مالٹا رنگ کے پھول کھلتے ہیں۔

یاسمین

یہ ایک جھاڑی ہے ،جس پر سفید اور زرد رنگ کے پھول کھلتے ہیں اور سہارے کے بغیر آگے نہیں بڑھتی۔

انگلش آئیوی

یہ جڑوں سے چمٹنے والی بیل ہے اس کے پتے گھنے ہوتے ہیں۔

گل آرزو

اس کا وطن جنوبی امریکا ہے ۔یہ گھریلو باغیچوں کی خوشنمائی بڑھاتی ہے اور نباتاتی تاروں کے سہارے چڑھتی ہے اس پر سرخ رنگ کے پھول آتے ہیں بیچ اور داب سے اس کی افزائش ہوتی ہے۔

ریلوے بیل

یہ نرم و نازک اور تیزی سے بڑھنے والی بیل ہے اس پر ڈھیروں سرخ پھول لگتے ہیں اس کی داب اور بیچ کے ذریعے افزائش ہوتی ہے۔

چینی چنبیلی

یہ چین سے دوسرے ملکوں میں پہنچائی جاتی ہے اور سایہ دار میں نشوونما پاتی ہے اپنے سفید خوشبو دار پھولوں کی وجہ سے ساری دنیا میں پسند کی جاتی ہے اور سارا سال سرسبز رہتی ہے۔

پھاندے والی انجیز

اس پر صرف گھنے پتے لگتے ہیں اور عمارتوں پر تیزی سے چھاجاتی ہے۔

انٹی گونان

یہ ایک بیل دار پودا ہے جو سدا بہار ہے اور بڑی جلدی پھلتا پھولتا ہے گرمیوں میں اس پر گہرے گلابی رنگ کے پھول کھلتے ہیں باڑوں اور درختوں کو سجانے کے لئے موزوں ہے۔