چین کی تجارتی معاہدہ قبل از وقت فعال کرنے کی منظوری

November 08, 2019

چین نے پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے کو قبل از وقت فعال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے آج چین کے سرمایہ کاروں کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر ناروے، یورپی یونین سمیت کئی ممالک کے نمائندے موجود تھے۔

عبدالرزاق داؤد نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چین اور پاکستان کا آزادانہ تجارتی معاہدہ یکم دسمبر سے فعال ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیر سے لاہور میں ہونےوالے بین الاقوامی ٹیکسٹائل فیشن شو میں چینی ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ سرمایہ کار بھی شرکت کریں گے۔

مشیر تجارت نے یہ بھی کہا کہ کچھ ممالک کا کہنا ہے کہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کا نظام اچھی طرح سے کام نہیں کرتا، وہ صرف ترقی پذیر ممالک میں تجارت کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ہماری وزارت فوڈ سیکیورٹی میں صلاحیت کی کمی ہے اور چین ہماری وزارت فوڈ سیکیورٹی کو تربیت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے زرعی اجناس چین سے درآمد کرنے کے حوالے سے کہا کہ ہم ٹماٹر، پیاز، سبزیاں، گندم، چاول اور دیگر اجناس چین بھجوا سکتے ہیں۔

مشیر تجارت نے مزید کہا کہ اس کے تحت ہمیں اپنی مصنوعات کو چین میں نمائش کرنے کا پویلین مل جائے گا مگر اس کے لیے دسمبر سے پہلے درخواست دینا ہوگی۔