ٹوئٹر سی ای او ’جیک ڈورسی‘ کا سان فرانسسکو ہاؤس

November 17, 2019

دولت و شہرت پاس ہو تو نت نئے مکانات خریدنے اور فروخت کرنے کا شوق سوار ہوجاتا ہے۔ ایسا ہی جنوں ہالی ووڈ اسٹارز سے لے کر ایمازون، گوگل اور فیس بک چیفس کے ہاں بھی پایا جاتا ہے، جن کا خریدا گیا مکان ان کے مداحوں کے لیے انمول اثاثہ بن جاتا ہے۔ ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی(Jack Dorsey) بھی ایک ایسی ہی شخصیت ہیں، جن کے پڑوس میں رہنے کا فخر ہر امریکی کو ہوگا۔ انھوں نے کچھ عرصہ قبل سان فرانسسکو میں21.9ملین ڈالر مالیت کا پُرتعیش گھر خریدا ہے۔

آرکیٹیکچر اور انٹیریئر ڈیزائن

سان فرانسسکو کے قرب میں سمندر کنارے سی کلف پر واقع خاموش کھلی فضاؤں میں موجود یہ بنگلہ3ہزار588مربع فٹ رقبے پر محیط ہے، جس میں پانچ بیڈ روم اور تین باتھ روم ہیں۔ اس کے اِرد گرد درختوں کا جھنڈ اسے فطری تحفظ مہیا کرتا ہے جبکہ سبزہ اور دور نیلگوں سمندر روح کو تراوٹ بخشنے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ یہ ٹیک ٹائیکون کے فطرت سے پیار کا عکاس ہے، جن کا کہنا ہے کہ جب آپ خاموشی سے فطرت کی آغوش میں تخلیقی کام کرتے ہیں تو قدرت آپ کی ہمدرد و غمگسار بن کر کھڑی ہوتی ہے۔

انھوں نے اس سے پہلے بھی اس جگہ پراپرٹی خریدی تھی، اب اس نئے بنگلے کے اضافے سے ان کی رہائش گاہ کا کل رقبہ تقریباً 1.2ایکڑ ہو گیا ہے۔ اس دو منزلہ مکان میں دو کار گیراج بھی ہیں، جہاں ڈورسی کی لگژری کاریں کھڑی رہتی ہیں۔اس بنگلے کی تعمیر 1962ء میں ہوئی اور گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تزئین وآرائش کا کام ہوتا رہا۔

یہاں پر مقیم تھائی فیملی نے یہ مکان 1997ء میں 2.85ملین ڈالر میں خریدا تھا، جسے انھوں نے خطیر رقم کے عوض جیک ڈورسی کو فروخت کیا ہے۔ نصف صدی کے دل آویز تعمیراتی ڈیزائن پر مبنی یہ ماڈرن ہاؤس ڈورسی نے2012ء میں10ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ اس مکان میں 20فٹ ری ٹرکٹبل گلاس روف بھی شامل ہے،جہاں سے ساحل کا مسحور کن نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

برازیل کی لکڑی سے بنائے جانے والے کیبنٹس اور شیشے کی دیواریں سورج کی زیادہ سے زیادہ روشنی کو یقینی بناتے ہوئے فطرت کا لطف دوبالا کرتے ہیں۔ ڈبل ہائیٹ لِونگ روم کےفرش سے چھت تک آتش دان دوسری منزل پر جاکر کھلتا ہے۔ اس کشادہ آتش دان کا دھواں رتی برابر کمرے میں گردش نہیں کرتا بلکہ پتھر سے بنائے جانے والے دیدہ زیب فائر اینکرز سے نکل کر فضا میں پھیل جاتا ہے۔

اوپری سیڑھیوں پر ماسٹر بیڈ روم ہے، جس کا اندرونی ڈیزائن انتہائی متاثر کن اور اہلخانہ کے ذوق کا عکاس ہے۔اس کے باتھ روم میں ایک گہراٹب بھی ہے،جہاں سوئمنگ پول کے مزے لیے جاسکتے ہیں۔ اسی کے ساتھ شیشے کے گلاس سے جداگانہ شاور ایریا بھی موجود ہے۔ جیک ڈورسی کے بیڈ روم میں کھلے آسمان کی روشنی عین اوپر پڑتی ہے، رات کے وقت وہ لیٹے ہوئے تاروں بھرے آسمان سے حظ اٹھا سکتے ہیں۔ پچھلے دالان کا تعمیراتی ڈیزائن اس پوزیشن میں بنایا گیا ہے کہ ساحلِ سمندر کا مکمل منظر آنکھوں کے سامنے موجود رہے۔

سمندری چٹان پر واقع اس جائیداد(Seacliff estate)کی کل قیمت32ملین امریکی ڈالر ہے۔ اس جدید سان فرانسسکو ہاؤس کا فضائی منظر بہت مسحور کن ہے، جہاں پتھر اور لکڑی کی خاکستری و بھوری رنگت اور ہموار چھتوں کی سپیدی ،چاروں اطراف سبز درختوں کے جھنڈ اورسمندر کا نیلا پانی مل کر اس جگہ کو پُرکشش بنائے ہوئے ہیں اور انسان کو پیغام دیتے ہیں کہ فطرت سے دوری میں ہماری خرابی اور فطرت سے ہم آہنگی جینے کی ضمانت ہے۔ ڈورسی کی لاس اینجلس کے ہالی ووڈ ہلز میں بھی ایک پراپرٹی ہے،جسے انھوں نے 4.2ملین ڈالر میں خریدا تھا۔

جیک ڈورسی کا لائف اسٹائل

19نومبر1976ء کو پیدا ہونے والے پروگرامرجیک ڈورسی 2006ء میں ٹوئٹر کے شریک بانی بنے۔ امریکا میں ان کی ہردلعزیزی کا عالم یہ ہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کا ٹوئٹر لائیو انٹرویو انھوں نے ہی کیا تھا۔ فیس بک کے بانی کی طرح انھیں بھی پرائیوسی چوری کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا، جس کا دفاع کرتے ہوئے انھوں نے کہا، ’’اب کوئی پرائیوسی نہیں رہی، ہر فرد تعارف چاہتا ہے‘‘۔ انھوں نے دوسری کمپنی’اسکوائر‘ بنا کر سلیکون انڈسٹری میں اپنا لوہا منوایا۔

وہ کالج گریجویٹ نہیں رہے، کمپیوٹر پروگرامنگ ان کا اولین پیار تھا۔2000ء میں دوستوں سے رابطے کے لیے انھوں نے بلیک بیری پر پہلا پروٹو ٹائپ بنایا۔ پوڈ کاسٹنگ کمپنی’اوڈیو‘ (Odeo)میں ملازمت حاصل کی، جہاں ان کی مستقبل کےٹوئٹر شریک بانیوں سے ملاقات ہوئی اور یہ رشتہ دوستی میں بدل گیا۔2006ء میں جب کمپنی ختم ہوئی تو ڈورسی ٹوئٹر آئیڈیا کے ساتھ سامنے آئےاور دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا پر چھاگئے۔آج ٹوئٹر سے خبریںبنتی اور ٹوئٹر ٹرینڈ دیکھ کر عالمی برادری اس جانب توجہ دیتی ہے۔