پشاور میں پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گینگ کے سرغنہ سمیت 5 کارندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
پشاور کے علاقہ داؤدزئی میں گزشتہ رات پولیس مقابلے میں ہلاک 5 ٹارگٹ کلرز کی تفصیلات پولیس نے جاری کر دی گئیں۔
سی سی پی او میاں سعید کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلرز گینگ پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، پہلے بھی دو پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث رہا ہے۔
میاں سعید نے کہا کہ ملزمان پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور درہ آدم خیل میں ٹارگٹ کلنگ کی 30 وارداتوں میں ملوث تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلرز پشاور میں 12 اور نوشہرہ میں17 افراد کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک ٹارگٹ کلرز نے چارسدہ اور درہ آدم خیل میں بھی ایک، ایک شخص کو قتل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گینگ نے اے این پی رہنما مومن خان اور ان کے بھائی کو بھی نشانہ بنایا تھا، ملزمان نے ایک خواجہ سرا کو بھی فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔