آج بنائیں، کچھ منفرد پکوان

December 25, 2019

کبھی کبھی کچھ منفرد ڈشز بنا نے کو دل کرتا ہے،کیوں کہ روز مرہ کے روایتی کھانے کھا کھا کر دل اُکتا جاتا ہے ۔اس ہفتے ہم آپ کی یہ دلی خواہش پوری کردیتے ہیں ۔ذیل میں کچھ تراکیب موجود ہیں ،انہیں آزما کر خود بھی مزےسے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں۔

تکہ ویجی ٹیبل

اجزا:چکن آدھا کلو (چھوٹی بوٹیاں )،ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچے ،کٹی ہوئی لال مرچیں ایک چائے کا چمچہ ،نمک حسب ضرورت ،لیموںکا رس دو کھانے کے چمچے ،مٹر ایک پاؤ، آلو آدھا کلو (تلے ہوئے )،گاجر دوعدد، پسی ہوئی کالی مرچ دو چائے کے چمچے، چاول آدھا کلو (نمک ڈال کر اُبال لیں )،تیل حسب ضرورت ۔

ترکیب:سب سے پہلے گوشت کی بوٹیوں میں کُٹی ہوئی لال مرچیں ،نمک ،لیموں کا رس اور پسی ہوئی کالی مرچ لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔ پھرایک فرائی پین میں تیل گرم کرکے گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں ۔گوشت گل جائے تو اس کو ایک پلیٹ میں نکال لیں اب لیموں کا ر س، مٹر، آلو اور گاجر کو اسی فرائی پین میں ایک بار پھر فرائی کریں اُوپر سے نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ ڈالیں ا وراس کو بھی پلیٹ میں نکال لیں ۔پہلے سے اُبلے چاول کوڈش میں نکال کر ایک طرف تکہ بوٹی رکھیں اور اس کے برابر میں فرائی سبزیاں رکھیں مزیدار تکہ ویجی ٹیبل رائس تیار ہیں ۔

لیمن چکن

اجزا:چکن کیوبز ایک کلو (بون لیس )،ہری مرچیں چار سے پانچ عدد ،لیموں دو عدد ،کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ(تھوڑے پانی میں حل کرلیں )،نمک،کالی مرچ حسب ِذائقہ ،پانی ایک کپ ،تیل دو کھانے کے چمچے ،لہسن ایک کھانے کا چمچہ ۔

ترکیب :فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس میں کیوبز ڈال کر ایک منٹ تک فرائی کریں ،اس کے بعد اس میں لہسن کا پیسٹ ،ہری مرچیں ،نمک ،کالی مرچ اور لیموںکے سلائس ڈال کر تین سے چار منٹ تک پکائیں ،پھر تھوڑا سا پانی ڈال کر پانچ منٹ تک مزید پکائیں ،اُبال آنے پر اس میں کارن فلور کا آمیزہ ڈال کر پانچ سے دس منٹ تک اور پکائیں ۔

چکن کرارے

اجزا :چکن آدھا کلو بون لیس,(بریسٹ پیس) ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کاچمچہ ،لیموں کا رس ایک عدد،انڈے دو عدد،کٹی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ،پسی ہوئی کالی مرچ ایک چوتھائی چمچہ، نمک حسب ذائقہ ،چاول کا آٹا تین کھانے کے چمچے،سوجی دوکھانے کے چمچے،میدہ دو کھانے کے چمچے،کارن فلور دوکھانے کے چمچے،تل دوکھانے کے چمچے،تیل تلنے کے لیے

ترکیب: پہلے چکن بریسٹ کو لیئر میں دو کر لیں،پھر اس کے اسٹراپس کاٹ لیںاب ایک پیالے میں ادرک کاپیسٹ، لیموں کا رس، انڈے ، کٹی لال مرچ اور نمک شامل کرکے مکس کرلیں،پھر اس میں چاول کاآٹا، سوجی، کارن فلور اور میدہ شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔آخر میں تل اور چکن شامل کرکے اچھی طرح مکس کرکےتیل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔سنہرا رنگ آنے پر نکال کر سرو کریں۔