ہوم آفس کیلئے مختلف ڈیزائن پر غور کریں

January 14, 2020

زیادہ تر افراد کام پر توجہ مرکوز کرنا مشکل سمجھتے ہیں، یہ کام اس وقت اور زیادہ مشکل لگنے لگتا ہے جب آپ کو آفس کا کام بھی گھر پرکرنا پڑے، ایسے میں ورکنگ انوائرنمنٹ نہ ہونے کے باعث کام پر توجہ مرکوز کرنا مزید مشکل ہوجاتا ہے۔ ہوم آفس کی تعمیر کے ذریعے آپ وہاں آفس ورک کے ساتھ دیگر امور بھی انجام دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بچے بھی اس جگہ اسٹڈی کے حوالے سے اپنا ضروری کام نمٹاسکتے ہیں۔ تعمیراتی ماہرین کہتے ہیں کہ ہوم آفس کی تعمیر کا مقصدایساماحول ترتیب دینا ہے جہاں بآسانی اپنے گھر میںکام پر توجہ دی جاسکے۔

ہوم آفس کتنا بڑا بنانا چاہیے، اس کا انحصار آپ کی ضرورت اور جگہ کی دستیابی پرہوتا ہے۔ آپ ہوم آفس کی تعمیرکے لیے ایک پورا کمرہ مختص کرتے ہیں یا پھر ایک کارنر، آپ کی رہنمائی کے لیے آج کی تحریر میں مختلف ہوم آفس ڈیزائنزکے بارے میں بتایا جارہا ہے۔

کلاسیکل ڈیزائن

کلاسیکل اسٹائل کے ہوم آفس ڈیزائن ایک سخت نقطہ نظر اور مخصوص سجاوٹ کی پیروی کرتے ہیں۔ کلاسیکل طرز پر تعمیر کیے جانے والے ہوم آفس میں اخروٹی شیڈ کےمختلف رنگ جیسے کہ براؤن اور بیج غالب نظر آتا ہے ۔اس طرز تعمیر میں لکڑ ی کااستعمال بطور خاص کیا جاتا ہے، مثال کے طور پر ہوم آفس میں لکڑی کی ٹیبل، لکڑی کے شیلف اور دیواروں یا چھت کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے لکڑی کے پینل کا اضافہ وغیرہ۔

اس ڈیزائن کی خاص بات یہ ہے کہ آیا کلاسیکل طرز سجاوٹ ہو یاطرز تعمیر، دونوں میں سارے اجزاء بخوبی سمٹ جاتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ دوران تعمیر و سجاوٹ استعمال کیے جانے والےتمام اجزاء میںہم آہنگی برقرار رہے۔

کلاسیکل اور ماڈرن ڈیزائن

تعمیراتی ماہرین کہتے ہیں کہ کلاسیکل اور ماڈرن طرز کے ملاپ سے ایک عمدہ امتزاج سامنے آتا ہے، ان کے مطابق یہ ایسا امتزاج ہے جیسے دن اور رات۔ اگر آپ بھی نفاست اور جدت ایک ساتھ دیکھنے کے خواہشمند ہیں توکلاسیکل اور ماڈرن امتزاج پر مبنی ہوم آفس ڈیزائن منتخب کریں۔ اس ڈیزائن میں ہوم آفس کی تعمیر کلاسیکل جبکہ ڈیکوریشن ماڈرن ڈیزائننگ کو پیش نظر رکھ کر کی جاتی ہے۔

اس کا اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ ڈیزائن چھوٹی جگہوں پر بھی بآسانی بنوایا جاسکتا ہے، مثلاً سادہ سی دیوار پر کونے میںلکڑی کےشیلف (سیاہ رنگ والے) بنوائے جاسکتے ہیں جبکہ بقیہ حصے کو وائٹ بورڈ کے لیے مختص کیا جاسکتا ہے، جہاں آپ بچوں کو پڑھا بھی سکتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ ہوم آفس ترتیب دینے کے لیےآپ مہنگی سے مہنگی ٹیبل کا انتخاب کریں، اگر لکڑی کا سادہ سا کاؤنٹر بھی کھڑکی والی دیوار کے ساتھ فکس کردیا جائے تو یقیناًکم بجٹ میں ہوم آفس ڈیزائن کیا جاسکتا ہے۔

کلچرل ڈیزائن

ثقافت کسی بھی قوم اور ملک کی پہچان ہوتی ہے،اگر آپ بھی چاہتے ہیں کہ آپ کے گھرکے مختلف حصوںسےآپ کی ثقافتی اقدار نمایاں ہوں تو ہوم آفس کے لئے کلچرل ڈیزائن کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ کلچرل ڈیزائن کے تحت آپ اپنے ہوم آفس کو مختلف ڈیزائن سے سجا سکتے ہیں۔ تعمیراتی ماہرین کلچرل ڈیزائن کے پیش نظر ایک مخصوص ڈیزائن بھی منتخب کرتے ہیں مثلاً ایک ایسا ڈیزائن جس میں فرش اور دیوار دونوں کے لیے ہلکے رنگ و روغن کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ آفس کو رسٹک ٹچ دینے کے لیےاینٹوں والی دیوار کا اضافہ بھی لازمی تصور کیا جاتا ہے۔ کلچرل ڈیزائن میںعموماً اینٹوں والی دیوار کے لیے عام اینٹوں کے بجائے وائٹ واش یاچارکول پینٹڈ برکس کا زیادہ انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ فرنیچر منتخب کرتے وقت فینسی کے بجائے اینٹیک اور روایتی قسم کا فرنیچر زیادہ مناسب سمجھا جاتا ہے۔

ماڈرن ڈیزائن

وہ افراد جونئے برس ہوم آفس کے لیے جدید ڈیزائن دیکھنے کے خواہشمند ہیں، ان کے لیے ماڈرن ڈیزائن کا انتخاب مناسب رہےگا۔ اس ڈیزائن کی سب سے خاص بات مختلف صورتوں میںجیومیٹریکل شیپ کی تنصیب ہے۔ یہی وہ تبدیلی ہے جو آپ کے ہوم آفس کو ایک عام آفس ڈیزائننگ سے مختلف بنائے گی، مثلاًہوم آفس ایریا کی ایک دیوار میں جیومیٹریکل اسٹائل ٹائلز یا وال پیپرلگوائے جاسکتے ہیں۔

لازمی نہیں کہ یہ تنصیب گہرے رنگوں کے ساتھ ہی ہو، انٹیریئر ڈیزائنرز نئے برس کے لیے ہلکے رنگوں پر مشتمل جیومیٹریکل اسٹائل وال پیپر کے ساتھ سفید رنگ کا آفس فرنیچر بطور خاص منتخب کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کمپیوٹر وال کی اوپری سطح پر جیومیٹریکل اسٹائل کے شیشوں کی تنصیب کے ذریعے آفس کو ماڈرن ٹچ دے سکتے ہیں۔ ماڈرن ڈیزائن پر تعمیر کیے جانے والے ہوم آفسز کے لیے ماہرین عام فرنیچر کے بجائے لیدر فرنیچر اور سلور رنگ کے اضافہ کا مشورہ دیتے ہیں۔