اشیائے خوردونوش کے دام آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، اکرام دھاریجو

بزنس
January 22, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت اور تجارت وامداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ مسلط کیے گئے حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔ مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت کے باعث عام آدمی کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے۔اشیائے خوردونوش کے دام آسمان سے باتیں کر رہے ہیں اور آٹا، دال ، چینی عام آدمی کی دسترس سے دور ہوگئے ہیں جس کے باعث خودکشی کے واقعات میں خوفناک حد اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم نے توباالاخر ملک کا دیوالیہ نکال ہی دیا اور اب انکے وزراء کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں آٹے کا بحران کے بعد چینی کا بحران بھی سر اٹھا رہا ہے لیکن کابینہ کے سلیکٹیڈ وزراء سب کچھ ٹھیک ہے کہ راگ الاپ رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے صنعتوں کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیاہے۔