سوات: انفلوئنزا کا مریض سوشل میڈیا پر کورونا کا شکار قرار

February 01, 2020

سوات میں ایک شخص کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر غلط ہے

خیبر پختون خوا کے سیاحت کے حوالے سے مشہور شہر سوات کا 26 سالہ نوجوان 6 روز سے انفلوئنزا کے مرض میں مبتلا ہے جسے سوشل میڈیا پر غلط فہمی کی بنیاد پر کورونا وائرس کا مریض قرار دےدیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اکرام شاہ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر یاسر نامی نوجوان سے متعلق غلط خبریں چل رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کہا جا رہا ہے کہ یاسر کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے جبکہ ابھی تو اس مریض کو کورونا وائرس کا مشتبہ مریض بھی نہیں کہہ سکتے۔

ڈاکٹروں نے مرض کی تشخیص کے لیے یاسر کے خون کے نمونے اسلام آباد بھیج دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس سے چین میں اب تک 259 افراد ہلاک

ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اکرام شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر اس شخص کے متعلق کورونا وائرس کی جو خبریں چل رہی ہیں وہ سراسر غلط ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور جب تک کسی خبر کی تصدیق نہ ہو اسے آگے نہ پھیلائیں۔

سیدو شریف اسپتال انتظامیہ کے مطابق یاسر کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھیجے گئے ہیں۔

ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ یاسر کو گزشتہ 6 دنوں سے انفلوئنزا کا مرض لاحق ہے۔