• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس: امریکا نے اپنے شہریوں کو چین کے سفر سے روکدیا

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب امریکا نے اپنے شہریوں کو چین کا سفر کرنے سے روک دیا ہے ۔

امریکی محکمہ خارجہ نے چین کا سفر کرنے والوں کے لیےریڈ الرٹ یا لیول 4 ایڈوائزری جاری کردی۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق ریڈ الرٹ ایڈوائزری کسی ملک میں انتہائی خطرناک صورتحال میں ہی جاری کی جاتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ کسی نوٹس کے بغیر بھی امریکی شہریوں کو چین کے سفر سے روکا جاسکتا ہے جبکہ امریکا اور چین کے درمیان کمرشل کیریئرز کی آمد رفت کو بھی معطل اور محدود کیا جاسکتا ہے۔

اخبار کے مطابق چند دنوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں 10 گنا اضافہ ہوچکا ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے چین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ43 افراد کی ہلاکت کے بعد کل تعداد213 ہوگئی ہے، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد10 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

جان لیوا وائرس سے اب تک دنیا کے 23 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔

چین کی امیر ترین شخصیت اور ’علی بابا ‘ کے بانی جیک ما نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے ایک کروڑ 44 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کی فاؤنڈیشن نے ایک کروڑ ڈالر کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے عطیہ کیے ہیں، جس میں کورونا وائرس سے متعلق بین الاقوامی تعاون، علاج اور روک تھام شامل ہے۔

تازہ ترین