• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ہانگ کانگ کا ’کورونا‘ کی ویکسین بنانے کا دعویٰ

ہانگ کانگ کے ماہرین کا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تیاری کا دعویٰ


ہانگ کانگ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین بنا لی ہے۔

ان ماہرینِ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اس ویکسین کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے ابھی کافی وقت درکار ہے۔

ہانگ کانگ کے ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کم از کم ایک سال جانوروں پر تجربات کے بعد اس اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی نوبت آ سکے گی۔

ادھر چین اور امریکا میں الگ الگ کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کی دوڑ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، چینی ہوٹل میں روبوٹ کام کرنے لگے

واضح رہے کہ کورونا وائرس نے چین میں مزید 46 جانیں لے لی ہیں، جس کے بعد اس وائرس سے وہاں ہلاکتوں کی کل تعداد 259 ہو گئی ہے جبکہ چین بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 14 صوبوں میں فروری کے دوسرے ہفتے تک چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن صوبوں میں چھٹیاں دی گئی ہیں وہ چین کی معیشت میں 70 فیصد کے قریب حصہ ڈالتے ہیں، بلومبرگ کے مطابق چین کی دو تہائی معیشت اس ہفتے بھی بند رہے گی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین کی معیشت کو کوروانا وائرس کی وجہ سے بندش سے رواں سہ ماہی میں 60 ارب ڈالر تک کا خسارہ ہو سکتا ہے۔

ادھر امریکا نے چین سے آنے والے اپنے 195 شہریوں کو 14 روز الگ تھلگ رکھ کر ان کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکا نے اپنے شہریوں کو چین کے سفر سے روکدیا

کورونا وائرس اٹلی کے بعد سوئیڈن بھی پہنچ گیا، برطانیہ میں بھی 2 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ چین میں موجود پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لائے تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو ممکن نہیں رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس بیماریوں سے بچنے سے متعلق کوئی بھی سہولت نہیں، پاکستانی طلبہ کی صحت اور دیگر سہولتوں سے متعلق حکومتِ پاکستان مسلسل چین سے رابطے میں ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ کرونا وائرس سے چین میں متاثر چاروں پاکستانیوں کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، ویکسین کیلئے ارب پتی افراد کی فنڈنگ

معاونِ خصوصی برائے صحت نے یہ بھی بتایا کہ چین کی حکومت پاکستانی طلبہ کو مکمل تحفظ اور بہتر سہولتیں فراہم کر رہی ہے، عالمی ادارۂ صحت کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو چین سے نہیں نکالا جا رہا۔

تازہ ترین
تازہ ترین