لاہور ایئر پورٹ پر چینی باشندے کی حالت اچانک خراب

February 02, 2020

چینی باشندے کے ناک سے خون نکلنے پرسروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا

لاہور ایئر پورٹ پر چین کے ایک شہری کی حالت اچانک خراب ہو گئی جس کے بعد اسے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

لاہور ایئر پورٹ کے ذرائع کے مطابق چینی مسافر ڈیمنگ یاؤ پی آئی اے کی پرواز 313 کے ذریعے صبح 9 بجے کراچی سے لاہور پہنچا تھا اور لاؤنج میں بیٹھا تھا کہ اس کی ناک سے خون نکلنا شروع ہو گیا۔

ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز نے چینی مسافر کا معائنہ کیا، چینی مسافر کا بلڈ پریشر نارمل تھا اور اسے بخار بھی نہیں تھا۔

ایئر پورٹ کے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ابتدائی طبی معائنے کے بعد چینی مسافر کو سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایئر پورٹ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ چینی مسافر چین کے شہر ارمچی جانا چاہتا تھا جبکہ ان دنوں ارمچی کی پروازیں منسوخ ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: چین، کورونا سے مزید 45 افراد ہلاک، تعداد 304 ہوگئی

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے مزید 45 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اس موذی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 304 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے مزید 2600 سو کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے بعد چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 300سے بڑھ گئی ہے۔

کورونا وائرس سے چین کے متاثر صوبے ہوبائی کے شہر ہوانگ گانگ Huanggang میں726 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کل سے پاکستان میں کورونا کی تشخیص ہو گی: ڈاکٹر ظفر

حکام کے مطابق ہزاروں ڈاکٹر اور نرسیں گھر گھر جا کر علاج معالجے اور ویکسی نیشن میں مصروف ہیں۔

امریکا میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔