• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کورونا وائرس کی تشخیص کا آلہ پاکستان نہیں آ سکا


کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے طبی آلہ پاکستان نہیں پہنچ سکا، وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ہفتے کی رات تک پرائمر کٹ کے وطن پہنچنے کا دعویٰ کیا تھا۔

قومی ادارۂ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپان سے درآمد کی جانے والی پرائمر کٹ کل شام تک ہی پاکستان پہنچ سکے گی۔

ذرائع قومی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ جاپان سے درآمد کی جانے والی پرائمر کٹ براستہ چین پاکستان پہنچے گی تاہم چین سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث پیر کی شام تک ہی کٹ کا پاکستان پہنچنا ممکن ہو پائے گا۔

ادھر پمز اسپتال اسلام آباد کے ذرائع کے مطابق فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے 3 چینی باشندے اسپتال آئے، جن میں سے ایک مشتبہ باشندے کا سیمپل این آئی ایچ کو بھجوایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: چین سے طلبہ کو نہ نکالنے میں بہتری ہے، پاکستانی سفیر

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کسی بھی اسپتال میں کرونا وائرس کے شبہے میں کوئی مریض زیرِ علاج نہیں۔

سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر پہلے ہی آئی سولیشن وارڈز بنا دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس 27 ملکوں میں پھیل چکا ہے، آج شام تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے کٹس ہمیں مل جائیں گی، کل سے پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ چین کے صحت سے متعلق اقدامات پر مکمل اعتماد ہے، حکومتِ پاکستان اس صورتِ حال میں چین کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان چین کےاقدامات کی تائید کرتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین