• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل سے پاکستان میں کورونا کی تشخیص ہو گی: ڈاکٹر ظفر مرزا

ڈاکٹر ظفر مرزا  اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے


وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں کہ کورونا وائرس 27 ملکوں میں پھیل چکا ہے، آج شام تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے کٹس ہمیں مل جائیں گی، کل سے پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین کے صحت سے متعلق اقدامات پر مکمل اعتماد ہے، حکومتِ پاکستان اس صورتِ حال میں چین کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان چین کےاقدامات کی تائید کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں وائرس ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، عالمی ادارۂ صحت کی سفارشات پر ووہان سے پاکستانی شہریوں کو نہیں بلا رہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین نے دیگر ملکوں کے شہریوں کو وہاں سے جانے کی اجازت خوشی سے نہیں دی، ووہان شہر میں 120 ملکوں کے شہری رہ رہے ہیں، ان 120 میں سے ابھی تک صرف 7 سے 8 ملکوں نے چین سے اپنے شہریوں کا انخلاء کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا کے 100 میں سے97 مریض صحتیاب ہو جاتے ہیں

انہوں نے کہا کہ چینی حکومت سے مسلسل رابطے ہیں، اس معاملے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی بات ہوئی ہے، ان سے ملاقات کے بعد چینی وزیرِ خارجہ سے بھی طویل گفتگو ہوئی، جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے بتایا کہ آج شام تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے کٹس مل جائیں گی، کٹس آنے پر کل سے پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکے گی، مستقبل میں چین سے آنے والی فلائٹس کی اسکریننگ کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج شام سے میڈیا میں وائرس سے متعلق آگاہی مہم شروع کر رہے ہیں، ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک بھی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ 4 پاکستانی طالب علموں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر ظفر نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کو وطن واپسی سے قبل چین میں 14 دن مانیٹر کیا جائے گا، چین کے سفیر سے اس حوالے سے خاصے معاملات طے ہو گئے ہیں، ووہان شہر سے کوئی باہر نہیں آ سکتا، ہمیں اپنے بچوں کی سب سے زیادہ فکر ہے، کوئی چیمپئن نہ بنے، آپ کو یقین ہونا چاہیے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو اس معاملے کی سب سے زیادہ فکر ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ووہان میں پاکستانی طلبہ کورونا سے محفوظ ہیں، ظفر مرزا

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چین سے پاکستان آنے والوں کے لیے مکمل منصوبہ بندی کر لی ہے، آئسولیشن وارڈز اسپتالوں میں ہی ہوتے ہیں، صوبائی حکومتیں بہت مؤثر انداز میں کام کر رہی ہیں، ہم سب ایک پیج پر ہیں، لاہور میں شوکت خانم اسپتال اور کراچی میں آغا خان اسپتال میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہو گی۔

تازہ ترین