سی ای او فیس بک آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنے کے خواہشمند

February 16, 2020

فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنا چاہیے جبکہ اس کے ساتھ بھی اسی فریم ورک میں رہتے ہوئے سلوک روا رکھا جائے جیسا دیگر میڈیا اور ٹیلی کام کمپنیز کے ساتھ روا رکھا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ نقصاندہ مواد کو ریگولیٹ کیا جانا چاہیے، یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ کونسا فریم ورک استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دو طرح کہ فریم ورک ہیں جن میں ایک اخبارات اور میڈیا جبکہ دوسرا ٹیلی کام کمپنیوں کے ماڈل کا ہے۔

مارک زکر برگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اس فریم ورک کی تیاری سے متعلق ہم اس وقت درمیان میں ہی کہیں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر نقصاندہ مواد ہر معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ رہا ہے، جسے ختم کرنے کے لیے متعلقہ حکومتیں کام کرتی رہتی ہیں۔

فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل مختلف اوقات میں نئی پالیسیز کے ساتھ اس حوالے سے اقدامات کرتی رہی ہیں۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے آن لائن مواد کا جائزہ لینے اور سیکیورٹی اقدامات کو نافذ کرنے کے لیے 35 ہزار ورکرز کو ہائر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیاں روزانہ تقریباً ایک ارب جعلی اکاؤنٹس کو بند کر رہی ہیں جبکہ ان میں سے کتنے ہی اکاؤنٹس ایسے ہیں جو بننے کے فوری بعد ڈیلیٹ کر دیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اس کام کے لیے ہمارا بجٹ پہلے سے کئی زیادہ بڑا ہے، تاہم جس طرح کمپنی کو چوکنا رکھا گیا ہے اس پر میں خوش ہوں۔