کالڈرڈیل میں مزید بارش کی پیش گوئی، فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف، یلو وارننگ جاری

February 20, 2020

فیکس (زاہد انور مرزا) میٹ آفس نے موسم کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کالڈرڈیل میں مزید بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شارکشائر اور ہمبر ریجن کیلئے بروز جمعہ رات بارہ سے صبح 6بجے تک کے درمیان مزید بارش کیلئے یلو رنگ کی وارننگ جاری کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی برطانیہ میں مزید بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے 9فروری کو شدید بارش کے باعث آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس سے کاروباری اور رہائشی علاقے میں سیلابی پانی سے کروڑوں پونڈ کا نقصان ہوا، سیلاب سے ہونے والے نقصان اور لوگوں کی مدد صفائی و بحالی کے کاموں میں لوکل کونسل کی مدد کیلئے متاثرہ علاقے میں برطانوی مسلح افواج طلب کر لی گئی تھی جو ابھی تک علاقے میں موجود ہے طوفان CIARAسے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا مقامی کالڈرڈیل کونسل نے مرکزی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ کالڈرڈیل کونسل کے لیڈر آف کونسل ٹیم سفیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 1200سیلاب سے متاثرہ گھروں اور کاروباری اداروں کی مدد کرے۔ کالڈرڈیل کونسل نے تصدیق کی ہے کہ سیلاب زدہ علاقے میں کونسل کا عملہ عوام کی مدد مٰں دن رات مصروف ہے جبکہ مسلح افواج بھی عوام کی مدد کررہی ہے۔ ترجمان کالڈرڈیل کونسل نے کہا ہے کہ اس ہفتے مزید بارش متوقع ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے جبکہ کالڈرڈیل کونسل کا کنٹرول روم 24/7کام کررہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا کنٹرول روم کھلا رہے گا اور احتیاط کے طور پر سیلاب کے مرکز دن رات کام کرتے رہیں گے۔ کونسل کی ٹیمیں اور دیگر ادارے انفراسٹرکچر کو صاف کرنے پر مامور ہیں اور ہماری پہلی ترجیح سیلاب سے متاثرہ علاقے ہیں۔ ترجمان نے عوام کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہفتے کے موسم سے چوکس رہیں۔