جاپانی کروز شپ پر قرنطینہ میں محصور کچھ لوگوں کو جانے کی اجازت

February 20, 2020

لندن (پی اے) جاپان میں ایک کروز شپ پر دوہفتوں سے زائد قرنطینہ میں محصور لوگوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ڈائمنڈ پرنسز شپ پر 74 برطانوی شہری بھی محصور تھے، جنہیں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے باعث 3 فروری سے قرنطیہ میں رکھا گیا تھا۔ حکومت نے کہا ہے کہ اسے امید ہے کہ برطانوی اسی ہفتہ کے آخر میں واپس برطانیہ کیلئے فضائی سفر کر سکیں گے۔ برطانوی جوڑا ڈیوڈ اور سیلی کو وائرس ٹیسٹ مثبت ہونے کے بعد بدستور قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، ان کے بیٹے نے بدھ کے روز بتایا کہ ان میں مرض کی تشخیص کا شبہ ہے۔ بی بی سی بریک فاسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو ایبل نے کہا کہ ان کے والد نے بتایا ہے کہ منگل کے روز ٹیسٹ کے نتائج پر کنفیوژن کے بعد ایک انگلش سپیکنگ ڈاکٹر نے دوبارہ ان کے مرض کی تشخیص کی ہے۔ نارتھمپٹن شائر کے رہائشی ڈیوڈ ایبل نے وائرس کے ٹیسٹ مثبت ہونے کی تصدیق سے قبل فیس بک پر کہا تھا کہ ’’تبادلہ خیال کے دوران گفتگو سمجھنے میں سنگین غلطیاں‘‘ ہیں۔ فارن آفس نے اعلان کیا ہے کہ کروز شپ آپریٹر اور جاپانی حکام نے منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق 07:00 بجے (جی ایم ٹی 22:00) کچھ مسافروں کو جہاز چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ جہاز اس ماہ کے آغاز سے یوکوہامہ پورٹ پرلنگر انداز ہے، جس میں سوار 3700 مسافروں کو قرنطینہ میں رہنے کا پابند کیا گیا تھا۔