وفاق بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے، سعید غنی

February 21, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاق بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ای او بی آئی کو صحیح نہیں کرنا چاہ رہی،سیسی میں جعلی رجسٹریشن کارڈز کے خاتمے کیلئے سندھ حکومت نادرا کی مدد سے ساڑھے6 لاکھ ورکرز کا اسمارٹ کارڈ بنانے جارہی ہے، اس کام سے وہ الگ سامنے آجائیں گے جو واقعی حقدار ہیں،میئر کراچی اختیارات چھیننے کی بات کرتے ہیں،ان سے کوئی اختیارات نہیں چھینے گئے۔ لوکل ٹیکس کانظام ضلع کے حوالے کردیا گیاہے،مزید یونین کونسل کو بااختیاربنانے جار ہے ہیں،کاٹی صنعتی علاقے میں شجرکاری مہم کیلئے صنعتکاروں کے ساتھ تعاون کرینگے،سرکار چاہے بھی تو 100فیصد اسکول صحیح کرنا مشکل ہے۔ہمارے ساتھ بہت سے لوگوں نے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت جو اسکول بنائے وہ اچھے چل رہے ہیں،اس قسم کے مزید پروجیکٹس کے لئے کام کرنے کو تیار ہیں،انڈسٹریل گراؤنڈ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرونگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)میں صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔