بلدیہ شرقی کے اسکولوں میں سات روزہ اسپورٹس گالا

February 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے طالب علموں کی صلاحیتیں کسی طور بھی کسی سے کم نہیں طالب علموں کی نشوونما اور مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کیلئے نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بالخصوص کھیل ناگزیر ہیں، محکمہ تعلیم کی بہتری ہماری اولین ترجیحات میں سے رہی ہے اسی کے پیش نظر ہم نے ابتدا ہی سے اپنے اسکولوں میں تعلیمی اصلاحات متعارف کرائیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے بلدیہ شرقی کے زیر انتظام اسکولز کے سات روزہ اسپورٹس گالاکی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلدیہ شرقی کی جانب سے اسکولوں میں سات روزہ اسپورٹس گالا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے طالب علموں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے گئے، اختتامی تقریب میں چیئرمین معید انور سمیت وائس چیئرمین عبدالروف خان، میونسپل کمشنر ایسٹ وسیم مصطفی سومرو، رکن رابطہ کمیٹی زاہد منصوری، اپوزیشن لیڈر بلدیہ شرقی کونسل ذولفقار قائم خانی،چئیرمین ایجوکیشن کمیٹی ندیم خواجہ اور دیگر شریک تھے۔