41لاکھ کی نادہندہ فیکٹری کا بجلی کنکشن 2لاکھ میں بحال

February 23, 2020

لاہور(سپیشل رپورٹر) لیسکو اہلکاروں نے 41لاکھ روپے کی نادہندہ فیکٹر ی میں 2 لاکھ روپے لے کر بجلی کا کنکشن بحال کر دیا، ایف آئی اے ٹیم نے چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضہ میں لے لیا۔ بلاول کالونی سب ڈویژن میں مرزا صدیق کی فیکٹر ی کا 41لاکھ روپے بل ادا نہ کرنے پر چھ سال سے کنکشن منقطع تھا، لیسکو اہلکاروں نے قریبی فیکٹری جو دوسرے بھائی کی ملکیت اور 7لاکھ روپے کی نادہندہ تھی وہاں پہلے دو لاکھ روپے بل وصول کر کے ری کنکشن آرڈر تیار کیاکنکشن بحال کر کے 100کے وی کا ٹرانسفر بھی نصب کر دیا اور پھر 41لاکھ روپے ادا نہ کرنے والی فیکٹری کو کنکشن مہیا کر دیا ، ایف آئی اے ٹیم نے چھاپہ مار کر کنکشن منقطع کر کے ٹرانسفارمر اور بلال کالونی سب ڈویژن سے ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ، ایس ڈی او سراج الدین کاکڑ نے موقف میں کہا کہ فیکٹری کا کنکشن قانون کے مطابق بحال کیا ، بجلی چوری پر تین اہلکار معطل کر دئیے ہیں اور کسی سے رعایت نہ ہو گی۔