2020ء کیلئے انٹیریئر ڈیزائننگ میں رجحانات

February 26, 2020

وقت کے ساتھ رجحانات بھی بدلتے رہتے ہیں اور رجحانات میں تبدیلی کی رفتار ہر نئے سال کے موقع پر مزید تیزی اختیار کرلیتی ہے، کیونکہ بہت سے لوگ سال کی تبدیلی کے ساتھ کئی چیزیں بدلنے پر یقین رکھتےہیں۔ اگر آپ ان دنوں اپنے گھر کی تزئین و آرائش (ری ماڈلنگ) کے بارے میں سوچ رہے ہیں یا کچھ چیزیں بدلنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس کے لیے نئی آرائشی اشیاخریدنے سے پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ 2020ء میں انٹیریئر ڈیزائننگ کے میدان میںسرفہرست آرائشی اشیا کیا ہیں۔

پردے

ایک عرصے تک گہرے رنگ کے بھاری بھرکم اور لکڑی کے حاشیے والے پردے بہت مقبول ہوتے تھے۔ اب ان بھاری بھر کم پردوں کا رجحان اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔2020ء میں بھاری بھر کم اور گہرے رنگ کے پردوں کی جگہ ہلکے رنگ کے سادہ، پُرکشش اور اسمارٹ پردوں نے لے لی ہے۔ اس طرحکے پردوں کے کئی نمونے مارکیٹمیں موجود ہیں۔ اگر آپ کے کمرے کی کھڑکی سے باہر خوبصورت نظارہ موجود ہے تو آپ کو بھاری بھر کم کپڑے کے پردے لگا کر اس نظارے کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ہلکے کپڑے کے پردے آپ کو تیز دھوپ سے محفوظ بھی رکھیں گے اور آپ بآسانی باہر کا نظارہ بھی کرسکتے ہیں۔

پائیدار فرنیچر

جیسے جیسے لوگوں میں پائیدار اور ماحول دوست فرنیچر کے بارے میں بیداری پیدا ہورہی ہے، ویسے ویسے انٹیریئر ڈیزائنرز بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پائیدار (Sustainable)فرنیچر کے نت نئے ڈیزائن متعارف کروا رہے ہیں۔ وہ زمانہ گیا جب ہر گھر میں ایک ہی سانچے میںبنا ہوا فرنیچر ڈیزائن نظر آتا تھا۔ آج لوگوں کو منفرد اور اچھوتے ڈیزائن کا حامل فرنیچر چاہیے ہوتا ہےاور کیا ہی اچھا ہو اگر یہ فرنیچر ماحول دوست بھی ہو۔ ماحول دوست فرنیچر یا تو مکمل طور پر ری سائیکل شدہ مٹیریل سے تیار کیا جاتا ہے یا پھر اس کا مٹیریل پائیدار ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے۔

لائٹنگ

پہلے لائٹنگ کا مقصد صرف اندھیرے کمروں اور راستوں میں بلب یا ٹیوب لائٹ جلا کر انھیں روشن کرنا ہوتا تھا۔ آج گھر کی لائٹنگ ترتیب دیتے وقت صرف یہ خیال نہیں کیا جاتا کہ محض کمرے کو روشن کرنا ہے بلکہ لائٹنگ کمرے کی سجاوٹ اور مجموعی ماحول کو بھی سیٹکرتی ہے۔ اس لیے انٹیریئر ڈیزائنرز گھر کی منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہی آپ کے ساتھ مل کر لائٹنگ کے خدوخال اور ترتیب طے کردیتے ہیں، تاکہ لائٹنگ کے ذریعے کسی بھی جگہ پر مطلوبہ ماحول پیدا کیا جاسکے، ساتھ ہی اس کا عملی مقصد بھی پورا ہو۔ باورچی خانہ میں ’ہینگنگ لائٹس‘ مؤثر رہتی ہیں کیونکہ اس طرح چولہے اور ڈائننگ ٹیبل جیسی جگہوں پر مناسب روشنی کا بندوبست کیا جاتاہے۔ اسی طرح، باورچی خانہ میں آپ اسکائی لائٹ کے ذریعے قدرتی روشنی لانے کا بندوبست بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے برعکس، بیڈ روم کی لائٹنگ کے لیے آپ کو اپنا لائحہ عمل تبدیل کرنا پڑے گا۔ بیڈ روم کی لائٹس کو آرام دہ اور پُرسکون ہونا چاہیے، جس کے لیے مدھم روشنی والی لائٹنگ بہتر رہے گی۔

پودے

کیا گھر کے اندر پودے رکھنے کارجحان کبھی ’فرسودہ‘ ہوسکتا ہے؟ اس کا جواب یقیناً ’نہیں‘ میں ہوگا، کیونکہ پودے ایک ایسی چیز ہیں جنہیں ہر وقت اور ہر موسم میں پسند کیا جاتا ہے۔ آپ کے گھر میں پودوںکے لیے زیادہ جگہ دستیاب ہے یا پھر تھوڑی سی، آپ کو اپنی ضروت کے مطابق ہر سائز کا پودا مل جائے گا۔ مزید برآں، اگر آپ پودوں کی دیکھ بھال سے گھبرا رہے ہیں تو آپ اپنے گھر میں مصنوعی پودے بھی رکھ سکتے ہیں، جن کا معیار ایسا ہوتا ہے کہ اکثر لوگ قدرتی اور مصنوعی پودوں میں فرق نہیں کر پاتے۔

کنسیلڈ کچن

ہم یہ تو جانتے ہیں کہ باورچی خانوں میں کچھ مخصوص چیزوں کو ہم کیبنٹ کے دروازوںکے ساتھ اس طرح ضم کردیتے ہیں کہ وہ ان ہی کا حصہ معلوم ہوتی ہیں، جیسے فریج کا فریم وغیرہ۔ لیکن کیا کبھی آپ نے پورے باورچی خانے کو کیبنٹس کے پیچھے چُھپانے پر غور کیا ہے؟ جی، بین الاقوامی انٹیریئر ڈیزائنرز کے بقول، رواںسال کنسیلڈ کچن کا تصور خوب فروغپائے گا۔ جیسے جیسے گھروں کا حجم سُکڑتا اور اسٹوریج کی جگہ کم ہورہی ہے ایسے میںاسمارٹ، صاف ستھرے اور کم سے کم سجاوٹ اور آرائش کے حامل (Minimalist) باورچی خانوں کا رجحان زور پکڑ رہا ہے۔

کاؤنٹر ٹاپس پر ایک زمانے میں جن برتنوں، پلگ ساکٹس، چھریوں کے کنٹینر وغیرہ کا جم گھٹا لگا رہتا تھا یا نلکلے اور سِنک کھُلے نظر آتے تھے، اب آپ انھیں فلش کیبنٹس میں چھُپا سکتے ہیں، تاکہ باورچی خانہ میںباقی جگہ کو آپ بلا رُکاوٹ اور بہتر استعمال میں لاسکیں۔ کنسیلڈ کچن، اوپن پلان اور چھوٹے سائز کے باورچی خانوں کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوگا۔