پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے

March 03, 2020

دنیائے کر کٹ کی مقبول ترین کر کٹ لیگ پی ایس ایل کا آدحا سفر مکمل ہوگیا ،، پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہونے سے اسٹیڈیم بھرے ہوئے ہیں، تماشائیوں کا جوش وخروش عروج پر ہے، خواتین اور بچے بھی اسٹیڈیم اور گھروں پر اس لیگ کے میچوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں، ملک بھر میں پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے،دفاتر،مارکیٹوں، تقریبات، تعلیمی اداروں، محلوں اور گلیوں میں پی ایس ایل موضوع گفتگو بنی ہوئی ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کی وجہ سے شائقین کو پریشانی ضرور ہے۔

مگر وہ اسے ملک کے مفاد میں مجبوری سمجھ کر قبول کررہے ہیں، تادم تحریر پی ایس ایل کے14میچز مکمل ہوگئے تھے جس میںملتان سلطانز پانچ میچوں کے بعد چار میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کےبعد 8پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، اسلام آباد کے چھ میچ مکمل ہوچکے ہیں ،دو میں جیت اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس کا ایک میچ پشاور زلمی کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا اس کے پانچ پوائنٹس ہے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ میں تین جیتے اور دو ہارے وہ پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے، پشاور چوتھے کراچی کننگز پانچویں نمبر پر تھی، پیرکی شب کھیلے گئے ان دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلے سے ان کی پوزیشن میں تبدیلی آچکی ہوگی، لاہور قلندر وہ واحد بد قسمت ٹیم ہے جو تین میچوں کے بعد بھی کوئی پوائنٹ اپنے مقدر کا حصہ بناسکی، کھیلے گئے 14میچوں میں کوئی کھلاڑی دوسری بار مین آف دی میچ ایوراڈ حاصل نہیں کرسکا ہے۔

محمد حسنین، بابر اعظم، عمران طاہر، کامران اکمل،لیوک رونچی،اعظم خان، شاداب خان، سہیل تنویر، بین کٹنگ، معین علی،لوئیس گریگری،روسو اور الیکس ہیلز یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں، پشاور اور اسلام کے درمیان13واں میچ بارش کے باعث نہ کھیلا جاسکا تھا،رواں ایونٹ میں اب تک دو سنچریاں کامران اکمل اور روسو نے بنائی ہے، پی ایس ایل میںاب تک سات سنچری اسکور کر لی ہے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بیٹسمین شین واٹس نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

انہوں نے یہ سنگ میل ملتان میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے12ویں میچ میں عبور کیا۔کامران اکمل 73 چھکوں کے ساتھ ٹاپ پر تھے ، واٹسن کے مجموعی چھکوں کی تعداد 75 ہوگئی ہے،ملتان سلطانز کے تجربہ کار بیٹسمین رائلی روسو نے پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کردی۔انہوں نے43 گیندوں پر سنچری بنائی جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔

بولنگ میں محمد حسنین نو وکٹ کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ سہیل تنویر نے ایک میچ میں13رنز چار وکٹ لی، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑی کورونا وائرس کے خوف کے باعث محتاط ہو گئے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر چہروں پر ماسک کا استعمال شروع کر دیا۔لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے نے ماسک کے ساتھ کھلاڑیوں کی تصویر پوسٹ کی جس میں کسی بھی وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے کھلاڑیوں نے ماسک پہنے ہوئے ہیں۔

12 سال بعد ملتان اسٹیڈم کی رونق بحال ہوگئی،ملتان کے شہریوں نے پی سی بی اور غیرملکیوں کے دل جیت لیے ،تقریباً 80 ہزار شائقین کرکٹ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کیلئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ ایونٹ کے دوران ملتان نے چار روز میں مجموعی طور پر تین میچوں کی میزبانی کی۔