امریکا میں کورونا وائرس کی تھیم پر پارٹی

March 11, 2020

کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی پھیلائی ہوئی ہے جبکہ اسے عالمی ادارہ صحت نے وبا قرار دے دیا ہے۔

تاہم کچھ منچلے ایسے بھی ہیں جن کے لیے شاید یہ مرض اہمیت کا حامل نہیں ہے اس بات کا اندازہ ان کی پارٹی سے لگایا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست نیوجرسی کے نوجوانوں نے کورونا وائرس کی مناسبت سے کورونا تھیم پارٹی منائی۔

کووڈ-19 کے پھیلنے کے بعد نیو جرسی کی الیگزینڈرا نامی 31 سالہ خاتون نے اپنے شوہر اور ہمسائیوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس پارٹی کی۔

کورونا تھیم کے دوران پارٹی میں شریک ہونے والے افراد نے کورونا سے بچاؤ والے لباس پہنے ہوئے تھے جبکہ تمام نے ماسک بھی لگائے ہوئے تھے۔

اسی طرح انہوں نے جو ڈشز تیار کیں انہیں بھی کورونا وائرس سے متعلق ہی اصطلاحات کے نام دیے گئے ہیں۔

انہوں نے ایک مشروب تیار کیا جسے ’قرنطینی‘ کا نام دیا گیا، اس کے علاوہ ’کورونا وائرس کپ کیک‘ اور ’کیس-او‘ سوپ بھی تیار کیا گیا۔

اسی طرح ان کے کھانے والوں کو انہوں نے ’مریض‘ کا نام دیا۔

الیگزینڈرا ماحولیات سے متعلق کام کرنے والی خاتون ہیں، انہوں نے اپنے گھر کے باہر سجاوٹ کے لیے انتباہ کے لیے لگایا جانے والا ٹیپ لگایا ہوا تھا۔

انہوں نے شریک لوگوں کو کورونا سے بچاؤ والا وہ سوٹ پہننے کا کہا تھا جو اکثر تصاویر میں ڈاکٹرز پہنے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

اس حوالے سے الیگزینڈرا کا کہنا تھا کہ وہ کورونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے اپنے دل کو ہلکا رکھنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کی تھیم پارٹیز بہت اچھی لگتی ہیں اور ہم نے اس پارٹی میں بھی بہت اچھا وقت گزارا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ایک ہفتے قبل ہمیں ایک خیال آیا اور ہم نے اس پر عمل کرتے ہوئے یہ پارٹی منعقد کی، یہاں ہم نے اچھا وقت گزارا اور دل کو اطمینان بخش محسوس کیا۔