کورونا سے باخبر رہنے کیلئے مائیکروسافٹ کا بڑا اقدام

March 16, 2020


مائیکروسافٹ نے کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے نیا ٹریکر متارف کروادیا جس کے ساتھ آپ دنیا کے کسی بھی ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

چین کے شہر ووہان سے نکلنے والے کورونا وائرس کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی وبا قرار دیا گیا ہے۔

اس وائرس سے سب سے زیادہ چین اور پھر اس کے بعد اٹلی اور ایران متاثر ہوئے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 6600 سے زائد ہوگئی ہے۔

ایسی صورتحال میں کچھ ممالک نے خود ساختہ لاک ڈاؤن کا سلسلہ بھی شروع کردیا جبکہ کچھ ممالک نے کورونا کے شکار ممالک کے شہریوں کی اپنے ملک میں آمد پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیرملکی ٹیبلائیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق کسی بھی ملک کے لیے سفر کرنے سے قبل وہاں موجود کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال جاننے کے لیے مائیکروسافٹ نے ایک بڑا اقدام اٹھایا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے سرچ انجن بِنگ نے ایک ٹریکر تیار کیا ہے جس کی مدد سے کووڈ-19 نامی اس وائرس سے دنیا کے مختلف ممالک میں متاثرہ کیسز کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

دنیا کے نقشے پر کسی بھی ملک پر ماؤس کو رول اوور کیا جائے گا تو اس پر ایک پاپ اپ نمودار ہوگا، جس میں کچھ تفصیلات موجود ہیں۔

ان تفصیلات میں متعلقہ ملک میں تازہ ترین مصدقہ کیسز، صحتیاب ہونے والوں اور وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی موجود ہے۔


مائیکروسافٹ کی جانب سے متاثرہ ممالک کا ڈیٹا جمع کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) اور یورپی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (ای سی ڈی سی) سے مدد لی جارہی ہے۔

یہ سہولت موبائل فون کے ساتھ ساتھ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر بھی موجود ہے۔