آنکھیں بولتی ہیں

March 18, 2020

ہما فاطمہ

حسین آنکھوں میں ایک کشش ہوتی ہے جو دیکھنے والے کوبھی خوبصورت لگتی ہیں لیکن کیا آپ کویہ معلوم ہے کہ ان کی خوبصورتی کیسے بر قرار رکھی جاتی ہے ۔ کوئی بات نہیں اگر نہیں معلوم ،ہم آپ کو آنکھوں کی خوب صورتی برقرار رکھنے کے چند گرُ آزمائیں ۔

٭… آنکھوں کو زیادہ چمکدار اورروشن بنانے کے لیے وٹامن اے سے بھر پور غذا کا استعمال کریں ۔

٭…دن بھرآنکھیں وقفے وقفے سے ٹھنڈے پانی سے دھوئیں۔

٭…سیاہ حلقوں کوختم کرنے کے لیے آنکھوں پر کھیرے کی قاشیں رکھیں ۔

٭…آملے کو رات بھر پانی میں بھگو دیں اور صبح اس سے اپنی آنکھیں دھو لیں ۔

٭…اگر آپ کی آنکھیں سرخ ہیں اور ان میں خارش بھی ہوتی ہے تو سر پر دہی کی مالش کریں ۔

٭…تھکی ہوئی آنکھوں کو آرام دینے اور تسکین پہنچانے کے لیے ٹھنڈے دودھ میں روئی بھگو کر دس منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں۔

٭…چائے کا ایک چمچہ خشک آملہ ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں صبح اسے ململ کے کپڑے سے چھان لیں اور پھر اس میں پانی کا ایک اور کپ شامل کرلیں، روزانہ صبح کو اس محلول کے چھینٹے آنکھوں پر ماریں ۔یہ عمل آپ کی آنکھوں کو چمکدار بنا نے میں مفید ثابت ہوگا ۔

مسکارا

مسکارا میک اپ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے ،مگر اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ خواتین میک اپ کرتے وقت اس کو نظر انداز کر دیتی ہیں ، ان کو مسکارےکی اہمیت کا احساس نہیں ہوتا کہ اس کے استعمال سے آنکھیں بڑی اور خوبصورت لگتی ہیں لیکن مسکارا لگانا بھی ایک ہنر ہے،کیوں کہ اگر مسکارا نفاست سے نہ لگا یا جائے تو پورا میک اپ خراب ہوجاتا ہے لیکن مسکارا خریدنا بھی ایک مسئلہ ہے ،اگر مسکارا پتلا ہوتو لگانے میں بہت مشکل ہوتی ہے اورگاڑھا ہوتو لگنے میں پلکیں چپک جاتی ہیں۔مسکارا وہی آئیڈیل ہوتا ہے ،جس کے لگانے کے بعد پلکوں کے خم بر قرار رہیں اور پورا دن لگا رہنے کے بعد بھی پلکیں نہ تو ٹوٹیں نہ جھڑیں۔

آئی لائنر

آنکھوں کےمیک اپ میں آئی لائنر ایک الگ ہی اہمیت رکھتا ہے ۔اس کے استعمال سے اپنی آنکھوں کو نہایت خوبصورت اور پر کشش بنایا جاسکتا ہےلیکن اس کے لیے اس بات کو ذہن میں رکھنا بہت ضروری ہے کہ لائنر کا انتخاب اور استعمال دونوں صحیح طریقے سے کیا جائے۔ جہاں تک آئی لائنر کے انتخاب کی بات ہے تو بازار میں متعدد قسموں کے آئی لائنر زملتے ہیں ۔ مثلًا:پینسل لائنر، لیکوئیڈ لائنر اور کیک لائنر ۔پینسل لائنر بھنویں بنانے کے کام بھی آتاہے لیکن یہ لائنر خشک ہوتا ہے ۔اس لیے یہ آئلی جلد پر استعمال کرنا چاہیے ۔دوسری قسم کی آئی لائنر لیکوئیڈ کی شکل میں پائے جاتے ہیں۔ان کا استعمال میں بھی آسان ہوتا ہے۔

لمبی پلکیں

برش ،کسٹر آئل میں ڈبو کر سوتے وقت اپنی پلکوں پر لگائیں۔ ا س کے علاوہ زیتون کا تیل پلکوں کی جڑوں میں لگائیں یہ عمل بھی رات کو سوتے وقت کر سکتی ہیں ۔لمبی پلکیں دل فریب ہی نہیں دلکش لگتی ہیں۔ لمبی اور چمکدار پلکیں خواتین کے حُسن میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہیں۔