ایک نظرنہ آنے والے وائرس نے ترقی یافتہ ممالک کوبے بس کر دیا، جماعت اسلامی

March 25, 2020

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ہمارے رضاکارالخدمت،یوتھ کی تنظیمیں، کوروناوائرس کے خلاف جدوجہدکیلئے متحرک ہیں،محلے کی سطح تک الخدمت محلہ کمیٹیوں کے قیام کے لئے اضلاع،زونزوتحصیل اور یوسیزکی تنظیموں کو ہدایات جاری کردی ہیں،لاک ڈاؤن اورروزگارکی بندش سے متاثرہ خاندانوں بالخصوص ڈیلی ویجزمزدوروں تک فوڈپیکج پہنچائے جارہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ آزمائش کے اس موقع پرکوئی انسان بھوکا نہ سوئے،جماعت اسلامی سیاست، مذہب ولسانیت سے بالاتر ہوکرانسانیت کی خدمت کررہی ہے ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی،الخدمت،جے آئی یوتھ کے ذمہ داران کے مشترکہ ضلعی اجلاس سے خطاب اور صوبے بھرکے ذمہ داران سے آن لائن رابطے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ارکان وکارکنان اور عوام حکومتی ہدایات اور وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرپرلازمی عمل کریں اوراللہ سے تعلق کومضبوط کریں تاکہ اس آزمائش کے پھیلاؤ کوروکا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ نام نہاد سپرپاورزاورمسلم حکمران اللہ سے بغاوت کے مرتکب ہوئے لیکن ان کے اختیارات ریت کی دیوارثابت ہوئے ایک معمولی نظرنہ آنیوالے وائرس نے ترقی یافتہ ممالک کوبے دست وپاکردیا۔