کیسکو دفاتر میں لوگوں کا داخلہ ممنوع

March 25, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ملک میں کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر کمپنی کے تمام دفاتر میں عام لوگوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا ہے اور صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ دفاتر آنے کی زحمت نہ کریں بلکہ فون پر رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کرائیں ،، کیسکو ترجمان کے مطابق کیسکو نے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے ترجمان نے کہا کہ کیسکو اپنے تمام معزز صارفین کو یقین دلاتی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کمپنی کی خدمات بلاتعطل صارفین تک پہنچتی رہیں گی ۔ تاہم اس دوران کسی بھی انفرادی شکایات کے ازالے کیلئے صوبہ کے تمام علاقوں کے صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژنز کے دفاتر کے نمبرز پر رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کرائیں ۔ اس کے علاوہ کوئٹہ شہر میں مرکزی کمپلینٹ سینٹر0819201445اور 0812829753 کے نمبرز پر بھی رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں ۔ کیسکو نے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر اپنے گھروں میں غیر ضروری برقی آلات بند رکھیں اور صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں تاکہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔