وٹفورڈفٹبال کلب نے اپنا سٹیڈیم این ایچ ایس کو استعمال کیلئے پیش کر دیا

March 26, 2020

لندن (پی اے) وٹفورڈ فٹ بال کلب نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کیلئے این ایچ ایس کو اپنا سٹیڈیم استعمال کیلئے پیش کر دیا ہے۔ پریمیر لیگ فٹبال کلب وٹفورڈ نے وبائی مرض کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں این ایچ ایس کی مدد کیلئے اپنا وائیکراج روڈ سٹیڈیم استعمال کرنے کی پیش کش کی ہے۔ یہ گراؤنڈ وٹفورڈ جنرل ہسپتال کے ساتھ ہے اور چیئرمین سکاٹ ڈکسبری نے کہا کہ کلب ہیلتھ سروسز میں سپورٹ کیلئے جو کچھ بھی ہو سکے گا کرے گا۔ ویسٹ ہارٹ فورڈ شائر ہاسپٹلز این ایچ ایس ٹرسٹ (ڈبلیو ایچ ایچ ٹی) کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس سپورٹ پر کلب کے بہت شکر گزار ہیں۔ فٹبال کلب نے کہا کہ سٹیڈیم کے گراہم ٹیلر سٹینڈ سے براہ راست ہسپتال سائٹ تک آسانی سے رسائی ہو سکتی ہے اور جب این ایچ ایس کے سینئر عملے نے ٹرسٹ کے ضروریات کے عین مطابق ہم آہنگی کی بات کی تھی تو وہ اسی کے مطابق کام کرنے کیلئے تیار تھا۔ ان میں این ایچ ایس سٹاف کورسز، فوری ملاقات کیلئے جگہیں، گودام کی ضروریات اور بچوں کی نگہداشت کی سہولتیں شامل ہو سکتی ہیں۔ ڈکسبری نے کہا کہ ہمیں ابھی فٹبال کو فراموش کرنے اور این ایچ ایس، خاص طور پر وٹفورڈ جنرل ہسپتال کی سپورٹ کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اگلے دروازے پر فٹبال کلب کی موجودگی ہماری مدد کیلئے پیش کش کی عمدہ ترین پوزیشن رکھتی ہے۔ ہم این ایچ ایس سٹاف اور ان کے اہل خانہ کی مدد کیلئے ہر ممکن سپورٹ کے خواہاں ہیں۔