لانڈھی میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کیلئےاسپتال قائم

April 09, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے لئے کارڈیک ایمرجنسی سینٹر لانڈھی نمبر 2 میں 100 بستروں پر مشتمل اسپتال قائم کردیا، جہاں پر فلٹر کلینک سمیت دیگر سہولیات 24 گھنٹے دستیاب ہونگی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بدھ کو فلٹر کلینک کا آغاز کرنے کے بعد قائم کئے گئے اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، ممبر صوبائی اسمبلی حافظ ہاشم رضا، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن،سینئر ڈائریکٹر کورآڈرینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر علی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے،میئر کراچی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کو فعال کیا جائے مزید اسپتالوں میں فلٹر کلینک بنائے جائیں تاکہ ان کلینکس میں مریض کی ابتدائی تشخیص کی جاسکے، انہوں نے کہا کہ نزلہ،کھانسی،بخار یا جسم میں شدید درد ضروری نہیں کہ کورونا وائرس کی علامت ہو ں موسمی اثرات اور بیکٹیریل انفکشن کے باعث بھی یہ بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اس آزمائش کی گھڑی میں آگے آئے اور شہریوں کے لئے کئے گئے حفاظتی اقدامات میں ہاتھ بٹائے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے پاس 69 وینٹی لیٹرز درست حالت میں موجود ہیں جبکہ 20 وینٹی لیٹرز تکنیکی خرابی کے باعث کام نہیں کررہے انہیں بھی جلد صحیح کرواکر آئیسولیشن وارڈز کے لئے مہیا کردیئے جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ فلٹر کلینک میں آنے والے مریضوں کے لئے ایس او پی پر مکمل عمل کیا جائے اور یہاں پر تعینات ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی حفاظت کو پہلے یقینی بنائیں، میئر کراچی نے اس موقع پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لئے مکمل حفاظتی لباس اور ضروری سامان کارڈیک سینٹر لانڈھی کے کورونا وائرس اسپتال کے حوالے کیا، میئر کراچی کو اس موقع پر بتایا گیا کہ اس اسپتال میں 12 ڈاکٹرز اور 40 پیرامیڈیکل اسٹاف اپنے فرائض انجام دے گا، انہیں بتایا گیا کہ لانڈھی، کورنگی، فیوچر کالونی، شاہ فیصل کالونی، ابراہیم حیدری، درالسلام سوسائٹی، لکھنؤ سوسائٹی، اللہ والا ٹاؤن اور دیگر ملحقہ علاقے کے لاکھوں لوگوں کو سہولت مہیا ہوگی، میئر کراچی نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے حوالے سے کے ایم سی کے اسپتالوں میں خصوصی اہتمام کررہے ہیں اور جس طرح کے سامان کی ضرورت ہے وہ مہیا کیا جارہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہمارے یہ اسپتال انڈس اسپتال اور آغاخان اسپتال کی طرح مریضوں کو تمام تر علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کریں۔