عید دستر خوان

May 24, 2020

یوں تو ہر سال عید الفطر کے موقعے پر شیریں، میٹھے اور کچھ نمکین پکوانوںسے اہلِ خانہ اور گھر آئے مہمانوںکی تواضع کی جاتی ہے،لیکن اس بار دِل اور دسترخوان وسیع کرتے ہوئے،روایتی میٹھے کے ساتھ نمکین پکوان کے چندپیکٹس بناکر بہت خلوص کے ساتھ اُن افراد میںبھی تقسیم کردیں، جو روزِ عید بھی خالی پیٹ ہیں۔تو لیجیے، تراکیب حاضر ہیں۔

سویّاں

اجزاء: سویّاں ایک پیکٹ، کھویا ایک پاؤ، بالائی آدھا پاؤ، دودھ آدھا لیٹر، گھی ایک کپ،الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،چینی حسبِ ذائقہ،پانی ایک کپ، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ، لونگ تین عدد،زعفران آدھی چٹکی، بادام، پستے(باریک کٹے ہوئے) اور کشمش حسبِ ضرورت۔

ترکیب:ایک پتیلی میں گھی گرم کرکے اس میں لونگ اورالائچی پاؤڈر ڈال کر بھون لیں۔ پھر سویّاں شامل کرکے بادامی رنگت ہونے تک بھون کر دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب دودھ کو اُبال آجائے،تو بالائی اور کھویا ڈال کر پکنے دیں۔اس کے بعد چینی ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں، مگر سویّاں زیادہ گاڑھی نہ کریں،کیوں کہ یہ ٹھنڈی ہونے کے بعد مزید گاڑھی ہوجاتی ہیں۔آخر میں کیوڑا اور زعفران ملا کر چولھا بند کردیں اور باؤل میں نکال کر فریج میں رکھ دیں۔

حیدرآبادی قیمہ بریانی

اجزاء:چاول(پکانے سے قبل دھو کرگھنٹے بھر کے لیے بِھگو دیں) آدھا کلو،قیمہ آدھا کلوگرام،پیاز ایک عدد،دہی ایک پائو، نمک حسبِ ضرورت،ہلدی آدھا چائے کا چمچ، ادرک،لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، لیموں تین عدد، ہری مرچ چھے عدد ، لال مرچ آدھا چائے کا چمچ، زردہ رنگ حسبِ ضرورت، دودھ آدھا کپ، ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ ، پودینا ایک گڈی اور تیل ایک کپ۔

ترکیب :سب سے پہلے قیمہ اچھی طرح دھو کر نمک، ہلدی، ادرک، لہسن، لال مرچ، لیموں کا رس لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں،ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کرلیں۔ پھر قیمہ بمع مسالا اوردہی ڈال کر اچھی طرح بھون کر قیمہ گلنے دیں۔ ضرورت محسوس ہو تو پانی شامل کرسکتے ہیں۔جب مسالا تیل چھوڑ دے،توچولھا بند کردیں۔

پھر ایک پتیلے میں حسبِ منشاء پانی لے کر چولھے پر رکھیں اور اس میں نمک، ثابت گرم مسالا (جس میں بڑی الائچی، دار چینی کا ایک ٹکڑا، پانچ لونگ، چھے دانے کالی مرچ اور دو تیز پات شامل ہوں) ڈال کرکے اُبلنے دیں۔ جب پانی کھولنے لگے، توچند پتّے پودینے کے ڈال کر ساتھ ہی چاول بھی شامل کردیں۔ چاول ایک کنی رہ جائیں، تو چولھے سے اُتار کر کسی چھلنی میں چھان کر رکھ لیں۔ اب ایک کھلے مُنہ کے پتیلے میں سب سے پہلےقیمے کا مسالا رکھیں، پھر ہری مرچیں اور اس کے اوپر اُبلے ہوئے چاول ڈال دیں۔ اور آخر میں ہرا دھنیا ، پودینا اورساتھ ہی دودھ میں زردہ رنگ گھول کرچِھڑک دیں۔ پندرہ سے بیس منٹ دَم پر لگائیں۔ لیجیے، مزےدار ’’حیدرآبادی قیمہ بریانی‘‘ تیار ہے۔

زردہ

اجزاء:سیلا چاول(پکانے سے آٹھ گھنٹے پہلے بھگو دیں) تین پیالی، تازہ دودھ ایک پیالی، لونگ چار عدد، پستے، بادام(باریک کٹےہوئے) حسبِ منشاء چھوٹی الائچی آٹھ عدد، چینی حسبِ ذائقہ، زردہ رنگ حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب:ایک دیگچی میں پانی اُبال کر اس میں لونگ، الائچی دو دوعدد اور چاول ڈال کر ڈھکن ڈھک کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چاول دو کنی رہ جائیں، تو چولھا بند کرکے کسی چھلنی میںچھان کر رکھ دیں۔اب ایک الگ پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں باقی لونگ اور الائچی ڈال دیں،جب خوشبو آنے لگے، تو چاول ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے اس پر چینی، دودھ، زردہ رنگ اور خشک میوہ جات چِھڑک کر دَم دے دیں۔

شِير خرما

اجزاء:دودھ ایک لیٹر، سویّاںایک پیکٹ، گھی آدھا پائو، الائچی (پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، چینی ایک کپ، چھوہارے چھے عدد، بادام بارہ عدد، پستے بارہ عدد۔

ترکیب: پہلے بادام، پستے اُبال کر بادام کے چھلکے اتار کے باریک باریک کاٹ لیں۔ چھوہاروں کو بھی لمبائی میں کاٹ لیں۔ پھر تھوڑا سا گھی گرم کر کے اس میں بادام، پستے اور چھوہارے ڈال کر ہلکاسا فرائی کرکے رکھ دیں۔اب ایک درمیانے پتیلے میں دودھ گرم کریں۔

پھر الائچی پاؤڈر اور چینی شامل کر کے اچھی طرح پکائیں۔اب 5 سے 10 منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر دَم دے دیں۔اس دوران فرائی پین میں گھی ڈال کر گرم کریں اور سویّاں بھون کر دودھ میں شامل کر کے پکنے دیں۔ساتھ ساتھ چمچ چلاتی رہیں۔گاڑھا ہونے پر خشک میوہ جات شامل کردیں۔ (ریحانہ علی، کراچی)