• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں طیارہ حادثہ افسوسناک ہے، شیخ سربلند

لندن/بریڈفورڈ (جنگ نیوز/ پ ر) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے قومی ایئر لائن کے طیارے کے کراچی پاکستان میں حادثے اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کےضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ میں اپنی جان سے ہاتھ دھونے والے افراد شہید کا درجہ رکھتے ہیں۔ عید سے قبل اس ہولناک حادثہ نے ہر پاکستانی کو دکھ میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے بعد امدادی کارروائیوں میں جس طرح تمام متعلقہ اداروں اور مقامی لوگوں نے حصہ لیا وہ قابل تحسین ہے۔ شیخ سربلند نے کہا کہ یہ بات ضروری ہے کہ حادثہ کی وجوہات پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور حتمی رپورٹ آنے کے بعد ایسے اقدامات کیے جائیں کہ دوبارہ ہمیں دل دکھانے والی خبریں سننے کو نہ ملیں۔ انہوں نے حادثے میں جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں مرکزی اہل حدیث برطانیہ کے ناظم نشرواشاعت حافظ عبدالاعلیٰ درانی نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان ایئر لائن کے طیارے کی تباہی ایک بہت المناک حادثہ ہے۔ رمضان کے اختتام اور عید سے پہلے اس کی دردناکی بہت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کے علاوہ رہائشی علاقے میں ہونے والی تبا ہی بہت ہی دلخراش ہے، ہر انسان اس سانحے پر دل فگار ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ اس افسوسناک حادثے پر سخت صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام مسافروں اور دیگر افراد کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے تمام متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے۔
تازہ ترین